بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر کے استصواب رائے پر اثر انداز ہونا چاہتی ہے‘میجر (ر)گلزمان اعوان

پیر 22 جولائی 2019 14:42

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر میجر (ر) گلزمان اعوان نے بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ہندووں کی آبادکاری کے لیے اسرائیل طرز کی بستیاں بسانے کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر کے استصواب رائے پر اثر انداز ہونا چاہتی ہے ۔

انہوں نے کہا بھارتی حکومت ایک سازش کے تحت ہندووں کو مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی طرز کی بستیاں آباد کر کے تین لاکھ سے زائد پنڈتوں کو بسا کر دنیا کے سامنے ڈھنڈورا پیٹے گا کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگ بھارت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں بھارتی حکومت کی اس سازش کو ناکام بنانے کے لیے حکومت پاکستان فوری طور پر عملی اقدامات اٹھائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی جان ،مال وعصمت کی قربانیاں دے کر بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں ۔

کشمیریوں نے بلٹ کا جواب پتھر سے دیا اور دنیا کی یہ واحد تحریک ہے جس میں جارح فوج نے نہتے افراد پر دنیا کا خطرناک ترین ہتھیار پیلٹ گنوں کا استعمال کیا ،کشمیری عوام نے آزادی کی اس جہدوجہد میں جو تاریخ رقم کی اسکی مثال ملنا مشکل ہے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جہدوجہد رنگ لائے گی اور انکو آزادی کی منزل نصیب ہوگی۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں