وادی نیلم کی تمام سیاسی جماعتیں اور سول سوسائٹی وادی میں مستقل قیام امن کیلئے متفقہ پلیٹ فارم پر اکھٹی ہو گئیں

جمعرات 14 نومبر 2019 18:02

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) وادی نیلم کی تمام سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی وادی میں مستقل قیام امن کیلئے امن کمیٹی کے نام سے ایک متفقہ پلیٹ فارم پر اکھٹی ہو گئی‘ وادی نیلم میں بھارتی گولہ باری سے متاثرہ عوام کے تحفظ تعلیم، صحت سمیت دیگر شعبوں کی بحالی کیلئے حکومت اور اپوزیشن متحد ہوگئی جلد وزیر اعظم آزادکشمیر سے ملاقات کے بعد پاکستان کے عسکری اور حکومتی حلقوں سے ملاقات کرکے وادی نیلم کے عوام کی مشکلات سے ان کو آگاہ کیا جائے گا۔

اس سلسلہ میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس جامعہ اسلامیہ برکاتیہ بینک روڈ مظفرآباد میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن کی طرف سے سپیکر ازادکشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر دینی جماعتوں کی نمائندگی کیلئے علامہ حمید الدین برکتی، اپوزیشن جماعتوں کے رہنما میاں عدالوحید پیپلز پارٹی، مفتی منصور الرحمن مسلم کانفرنس،سردار گل خنداں تحریک انصاف،میر نزیر دانش نیلم بار ایسوسی ایشن، ضیاالرحمن قریشی جماعت اسلامی،میرگوہرالرحمن سول سوسائٹی،بصیراحمد تاجور پی این اے،مرتضی بخاری کشمیریوتھ کونسل سمیت 32رہنماوں نے شرکت کی اس موقع پر گیارہ رکنی امن کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وادی نیلم کے نمائندگان کا کہنا تھا کہ وادی نیلم کے عوام ماضی میں چودہ سال تک بھارتی گولہ باری،زلزلہ، موسمی و قدرتی افات کے باعث شدید مشکلات سے دوچار رہے ہیں کچھ سالوں سے وادی نیلم میں شعبہ سیاحت کے باعث ترقی اور خوشحال کی جانب گامزن ہوا تھا لیکن حالیہ بھارتی گولہ باری اور فائرنگ کے بعد وادی نیلم میں لوگوں کو شدید جانی،مالی،معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑاجس کے بعد وادی سے لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ہزاروں لوگ گھر بار چھوڑ کر دیگر علاقوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں جبکہ تعلیمی اداروں کی بندش معمول بن چکی ہے اور وادی نیلم کے لوگ غیر یقینی کی صورتحال سے دوچار ہے ایسے میں حکومت اور اپوزیشن سمیت باشعور سول سوسائٹی کی زمہ داری ہے کہ وہ وادی کو آباد رکھنے امن قائم کرنے کیلئے مشترکہ جدوجہد کرے بصورت دیگر ایک بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے وادی نیلم میں لوگوں کی حفاظت کیلئے حفاظتی بینکرز کی تعمیر تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی فراہمی بجلی اور ٹیلیفون اور انٹرنیٹ کا بلا تعطل نظام کی ہنگامی بنیادوں پر ضرورت ہے جبکہ دیر پار منصوبہ بندی کے تحت بھارت کی وحشیانہ گولہ باری کی روک تھام کیلئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مہم وادی نیلم میں روز گار،سیاحت،زراعت کی ترقی زرائع رسل و رسائل کہ فراہمی کیلئے مشترکہ کوششیں بھی کی جائیں گی اس سلسلہ میں جلد حکمت عملی طے کی جائے گی‘ پہلے مرحلے پر حکومتی اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں