ریاض نائیکو شہید کی قربانی رنگ لائے گی ان کے خاندان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں‘سید زیشان حیدر

جمعہ 8 مئی 2020 11:49

ہٹیاں بالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2020ء) پی ٹی آئی کے مرکزی راہنما وسابق امیدوار اسمبلی سید زیشان حیدر نے کہا کہ حزب المجاہدین کے شہید کمانڈر ریاض نائیکو کو خرا ج عقیدت پیش کرتے ہیں کشمیریوں نے بھارت سے آزادی کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ریاض نائیکو شہید کی قربانی رنگ لائے گی ان کے خاندان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

بھارت نے اگر کسی قسم کی کارروائی کی غلطی کی تو ایسا حشر کریں گے کہ اسے کہیں جائے پناہ نہیں ملے گی۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کر رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے ظلم و ستم کے جواب میں کشمیری بھی جواب دیتے ہیں کیونکہ وہ ہندوستانی فوج کے مظالم پر چپ نہیں رہ سکتے۔انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کی مشترکہ حکمت عملی خطے کے امن و سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کسی قسم کی کارروائی کی کوشش کی تو اسے بھرپور جواب ملے گا سیز فائر لائن پر رہنے والے بہادر کشمیری بھارت کے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کیلیے سینہ سپر ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت سیز فائر لائن پر اندھا دھند گولہ باری کے ذریعے سول آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے اور اسنے تمام ضابطوں کی دھجیاں اڑا کر رکھ دی ہیں۔انہوں نے کہا بھارت جو الزام تراشی کر رہا ہے اسے اپنے گریبان میں بھی جھانکنا چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے خلاف کتنے انسانیت سوز اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے کہا قوم متحد ہے اور کسی بھی مہم جوئی کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح کمربستہ ہے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں