ریکوزیشن جمع کرانے کے باوجود اسمبلی اجلاس نہ بلانا آئینی اداروں کی توہین ہے،خواجہ فاروق احمد

پیر 15 اپریل 2024 17:01

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جائنٹ سیکرٹری ، اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے حکومت آزادکشمیر کی جانب سے اسمبلی کااجلاس تین چار ماہ گزر جانے کے باوجود نہ بلائے جانے کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری ممالک میں اسمبلیاں اسی لیے تشکیل دی جاتی ہیں کروڑوں روپے الیکشن کروانے پر خرچ ہوتا ہے کہ عوام کے مسائل سمیت تمام آئینی قانونی سیاسی معاملات کو زیر بحث لایا جا سکے لیکن ہماری ریاست کی بدقسمتی ہے کہ چار ماہ ہو گئے بار بار مطالبہ کیے جانے حتیٰ کہ تحریک انصاف کی جانب سی8 اراکین کے دستخطوں سے ریکوزیشن بھی اسمبلی سیکرٹریٹ میں گزشتہ ماہ جمع کرا دی گئی لیکن آج تک اجلاس نہ بلایا جا کر آئینی اداروں کی توہین کی گئی۔

(جاری ہے)

خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ بطور رکن اسمبلی میں نے حلقہ تین سٹی مظفرآباد کی 20کلو میٹر سڑکات میں حکومت کی جانب سے رکاوٹیں ڈالنے ، دیگر حلقہ جات کی طرح ٹھیکیداروں کو کیے گئے کاموں کے 10، 10 کروڑ روپے کی ادائیگی کرنے اور حلقہ تین کو اس سے محروم کیے جانے ، این ٹی ایس کے تحت حلقہ 3 کو صرف 20اسامیاں دینے جب کہ وزیراعظم /سینئر وزیر سمیت دیگر وزراء کو 158 اور 147 اسامیاں دینے ،سی ایم ایچ فلائی اوور، دومیل سیداں سلائیڈ، واک وے پلیٹ ، رشید آباد مانک پیاں پل سمیت کئی منصوبہ جات کے حوالے سے اسمبلی اجلاس میں تحریک التواء سوالات نکتہ اعتراض سمیت نوٹس جمع کرائے ہوئے ہیں لیکن حکومت سے اسمبلی کے اس اہم فورم پر اس انتقامی پالیسی کے حوالے سے پوچھا جا سکے لیکن حکومت اپنی عددی اکثریت کے زعم میں اجلاس ہی نہیں طلب کرتی ، تحریک انصاف نے حکومت کی اتحادی پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) سے بھی اجلاس بلائے جانے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا مطالبہ کیا لیکن مقام افسوس ہے کہ ان دو اتحادی جماعتوں نے بھی اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہ کی اور حکومت سمیت انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا،انہوں نے کہا کہ اب بھی حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی قانونی آئینی ذمہ داری پوری کرے مجبوراً تحریک انصاف اپنے طور پر اسمبلی کی سیڑھیوں پر اپنے اراکین کے ذریعے میڈیا کی موجودگی میں اسمبلی اجلاس منعقد کرے گی حکومت کو سبکی سے بچنے کیلئے فوری اجلاس بلا لینا چاہیے تاکہ بطور رکن اسمبلی حلقہ 3کے ساتھ ہر شعبہ میں ہونے والی ناانصافیوںکی جانب توجہ دلا سکوں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں