نارووال سپورٹس سٹی کا تعمیراتی کام بند ہونے سے 150 ملین روپے کا آسٹروٹرف اور رننگ ٹریک کیمیکلز بکسوں میں بند پڑا ایکسپائر ہوگیا

منگل 27 ستمبر 2022 21:01

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2022ء) نارووال سپورٹس سٹی کا چار سالوں سے تعمیراتی کام بند ہونے سے 150 ملین روپے کا آسٹروٹرف اور رننگ ٹریک کیمیکلز بکسوں میں بند پڑے ایکسپائر ہو گئے ۔ سپورٹس سٹی نارووال کی تکمیل پر اب چار سو ملین کی بجائے 1.5 بلین روپے خرچ ہوں گے ۔ بتایا گیا ہے کہ نارووال سے دو کلو میٹر دور مریدکے روڈ پر 2010 میں احسن اقبال نے 46 ایکڑ اراضی پر ایشیا کا پہلا بڑا کھیلوں کا منصوبہ نارووال سپورٹس سٹی کے نام سے شروع کیا تھا ۔

سپورٹس سٹی منصوبہ میں ہاکی فٹبال بال کرکٹ باسکٹ بال لانگ ٹینس بیڈ منٹن اور سوئمنگ پول سمیت 14 عالمی معیار کے کھیلوں کے علیحدہ علیحدہ میدان اور سپورٹس کوٹس تعمیر کئے جا رہے تھے ۔ وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال جن کا حلقہ انتخاب بھی نارووال ہے نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نارووال سپورٹس سٹی میں تعمیراتی کام 80 فیصد مکمل ہو چکا تھا ۔

(جاری ہے)

2018 میں پاکستان تحریک انصاف کی گورنمنٹ آنے کے بعد سابقہ وزیراعظم عمران خان نے نارووال سپورٹس سٹی کے میگا پروجیکٹ پر مبینہ کرپشن کے الزامات کی بنیاد پر تعمیراتی کام بند کروا دیا تھا ۔ وزیراعظم عمران نیازی کے حکم پر نیب نے نارووال سپورٹس سٹی کا تمام تعمیراتی ریکارڈ اپنے قبضہ میں لیکر پروجیکٹ کی جامع انکوائری شروع کر دی ۔ سپورٹس سٹی نارووال میں مبینہ کرپشن کے الزامات پر مجھے نیب نے گرفتار کر لیا تھا ۔

نیب نے تین ماہ تک اپنی حراست رکھ کر سپورٹس سٹی نارووال میں مبینہ کرپشن کی انویسٹیگیش اور تحقیقات کیں ۔ نیب تحقیقات اور کیس ٹرائل میں چار سال گزر گئے ۔ چار سالوں سے سپورٹس سٹی نارووال میں مکمل طور تعمیراتی کام بند پڑا رہا ۔ سپورٹس سٹی میں تعمیراتی کام بند ہونے سے ہاکی کی گرونڈ میں بچھایا جانے والا آسٹروٹرف جس کی مالیت 80 ملین روپے بتائی جاتی یے بکسوں میں بند پڑا ہوا ایکسپائر ہو گیا ۔

فٹ بال گرونڈ کے اطراف میں رننگ ٹریک بنانے والے 70 ملین روپے سے زائد کے کیمیکلز ڈراموں میں پڑے ایکسپائر ہو چکے ہیں جبکہ سپورٹس سٹی نارووال میں جمنیزیم کی بلڈنگ میں لگایا گیا ایمپورٹیڈ ووڈ فلور بھی خستہ حال ہو گیا ہے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ سپورٹس سٹی میں بروقت تعمیر ہونے جانے والے کھیلوں کے گرونڈ کے پویلین اور دیگر بلڈنگز کی کھڑکیاں دروازے اور شیشے ٹوٹ پھوٹ چکے ہیں ۔

کرکٹ اسٹیڈیم میں 2018 کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے درمیان ایک نمائشی میچ بھی کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان کے چار سابق کپتان اور قومی کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی ۔ میری دعوت پر سابق صدر پاکستان ممنون حسین سپورٹس سٹی نارووال میں کرکٹ میچ دیکھنے کیلئے آئے تھے ۔ آج سپورٹس سٹی نارووال کے کرکٹ اسٹیڈیم میں بڑی گھاس اور چھاڑیاں موجود ہیں ۔

سپورٹس سٹی نارووال جنگل کا منظر پیش کر رہا ہے اور سپورٹس سٹی کی عمارت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ۔ احسن اقبال نے کہا کہ 2018 میں سپورٹس سٹی کے منصوبہ کو مکمل کرنے کیلئے صرف 400 ملین روپے کی رقم درکار تھی ۔ سپورٹس سٹی کے منصوبہ کی تباہ کاریوں مہنگائی اور ڈالر کی قدر بڑھ جانے سے سپورٹس سٹی کے منصوبہ کو مکمل کرنے کیلئے 1.5 بلین روپے سے زائد خرچ ہوں گے ۔

احسن اقبال نے بتایا کہ عمران نیازی اور نیب نے مجھ پر بے بنیاد اور جھوٹے کرپشن کے الزامات لگا کر قومی منصوبہ کو نقصان پہنچایا ہے ۔عمران نیازی کی سیاسی انجینئرنگ اور نیب کی کارروائی سے سپورٹس سٹی نارووال کے میگا پروجیکٹ کو پہنچنے والا نقصان دونوں سے وصول کیا جائے گا۔ میں خود عمران نیازی اور نیب پر کیس دائر کرکے ان کے پیسوں سے قومی نقصان کو پورا کروں گا ۔

سب کنٹریکٹر سعید احمد نے بتایا کہ سپورٹس سٹی میں بڑی جھاڑیوں میں زہریلے کیڑے مکوڑے سانپ کتے اور جنگلی جانور بھی موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چار سالوں سے کنٹریکٹرز کی مشینری سپورٹس سٹی نارووال میں پڑی خراب ہو چکی ہے ۔ کنٹریکٹرز کے چار سالوں ملین روپے کے بلوں کی گورنمنٹ ادائیگی نہیں کر رہی ۔ سعید احمد نے کہا کہ سپورٹس سٹی کی خستہ حال صورتحال سے نظر آتا ہے کہ 500 ملین روپے کا نقصان ہو چکا ہے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ سپورٹس سٹی نارووال کے میگا پروجیکٹ پر 15 اکتوبر تک دوبارہ تعمیراتی کام شروع کروا دیا جائے گا ۔ چھ ماہ کے دوران سپورٹس سٹی نارووال کا منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا ۔

نارووال میں شائع ہونے والی مزید خبریں