آصف علی زرداری کے اثاثوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کو واپس بلا لیا گیا

سپریم کورٹ کی ہدایت پر تعینات پولیس افسران کو تھانے رپورٹ کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ،ْ ایس ایس پی رائی اعجاز احمد

پیر 9 جولائی 2018 15:51

آصف علی زرداری کے اثاثوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کو واپس بلا لیا گیا
نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے گھر اور شوگر ملز پر سیکیورٹی مقاصد کیلئے تعینات 150 سے زائد پولیس اہلکاروں کو واپس بلا لیا گیا۔ شہید بینظیر آباد کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) رائی اعجاز احمد نے تصدیق کی کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر اضلاع کے مختلف علاقوں میں آصف علی زرداری کے اثاثوں پر تعینات پولیس افسران کو تھانے رپورٹ کرنے کا حکم جاری کردیا گیا۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ملک بھر میں سیاسی اور غیر سیاسی شخصیات کی سیکیورٹی پر تعینات مجموعی طور پر 12 ہزار 600 پولیس اہلکاروں کو واپس بلانے کا حکم دیا تھا۔رواں برس اپریل میں سیکیورٹی اداروں کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں رپورٹ جمع کرائی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا عدالتی حکم پر پنجاب میں 4 ہزار 610، سندھ میں 5 ہزار 5، خیبرپختونخوا میں 2 ہزار، بلوچستان میں 829 اور اسلام آباد میں 246 پولیس اہلکاروں کو واپس تھانے بلا لیا گیا۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی اعجاز احمد نے کہا واپس نہ آنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی تاہم سابق صدر کی حیثیت سے زرداری ہاؤس کی منظور شدہ سیکیورٹی برقرار رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ شخصیات اور اداروں کے لیے اضافی یا غیر منظور شدہ پولیس اہلکاروں کو سیکیورٹی کے فرائض سے ہٹا دیا گیا۔انہوںنے کہا کہ انتخابات کی تاریخ قریب آرہی ہے تاہم پولیس اہلکاروں کو نواب شاہ کے مختلف حصوں میں تعینات کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جس کو سیکیورٹی درکار ہے وہ درخواست جمع کرانے کا پابند ہوگا تاہم درخواست پر حتمی فیصلہ ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی اور متعلقہ ادارے میرٹ کی بنیاد پر لیں گے اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ زرداری ہاؤس پر تعینات 36 پولیس اہلکاروں کو بھی واپس بلالیا گیا۔

نواب شاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں