مولانا فضل الرحمان نے بین الصوبائی شاہراہیں رات میں کھولنے کا اعلان کردیا

پلان بی کے تحت بین الصوبائی شاہراہوں پر دھرنے صرف دن میں ہوں گے رات میں کھول دیا جائیگا حکومت کی چولیں ہل چکی ہیں، جڑیں کٹ گئی ہیں، دیوارہل چکی ہے، اب ایک دھکا دے کرگرا دینا ہے،ہم پاکستان کو نہ افغانستان، نہ عراق اور نہ لیبیا بنانا چاہتے ہیں، خطاب

ہفتہ 16 نومبر 2019 00:02

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2019ء) جمعیت علمائے اسلام ( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بین الصوبائی شاہراہیں رات میں کھولنے کا اعلان کردیا۔نوشہرہ میں دھرنے سے خطاب میں مولانا نے کہا کہ پلان بی کے تحت بین الصوبائی شاہراہوں پر دھرنے صرف دن میں ہوں گے رات میں انہیں کھول دیا جائے گا۔سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کی چولیں ہل چکی ہیں، جڑیں کٹ گئی ہیں، دیوارہل چکی ہے، اب ایک دھکا دے کرگرا دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے کے اندر آپ کی دعوت پر پورا پاکستان بند ہوگیا، کراچی، پنجاب، بلوچستان سے جانے والے راستے بند ہیں، افغانستان سے چمن اور کوئٹہ آنے والے راستے بند کریں گے، اسلام آباد شاہراہ، شاہراہ قراقرم بند ہے، پنجاب میں ڈی آئی خان آنے والے راستے بند ہیں۔

(جاری ہے)

مولانا نے شرکاء سے کہا کہ آپ نے بتادیا ہم پورا پاکستان بند کرسکتے ہیں، جب راستے میں بڑا پتھر پڑا ہو تو لوگوں کو مشقت اٹھانی پڑتی ہے، اس وقت بڑا پتھر موجودہ حکومت ہے، ہم نے عوام کی طاقت سے اس پتھر کو ہٹھانا ہے، ہم پاکستان کو نہ افغانستان، نہ عراق اور نہ لیبیا بنانا چاہتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دھرنے کے شرکاء سے گزارش ہے کہ دھرنا دن میں جاری رکھیں، رات میں نہیں، ابھی ہم شہروں سے باہر دھرنے دے رہے ہیں، چند روز میں شہروں کے اندر بھی دھرنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے خلاف نہیں، حکومت کے خلاف نکلے ہیں، دھرنوں کے ذریعے عوام کی مشکلات نہیں بڑھانی ہیں، تمام صوبائی جماعتوں سے کہا ہے کہ راہ چلتے لوگوں کیلئے راستے کھلے رکھنے ہیں۔

نوشہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں