مخالف امیدواروں کے پاس کوئی منشور ہے ،نہ عوامی فلاحی پروگراموں کیلئے کوئی خاطر خواہ منصوبہ ، پرویز خٹک

عمران خان نے پاکستان کا ستیاناس کر ڈالا،مخالفین کی انتخابی مہم کی تقریر کا مجھ سے شروع ہو کر مجھ پر ختم ہونامیری عوامی مقبولیت سے خوفزدہ ہونے کا ثبوت ہے، چیئرمین پی ٹی آئی پی

جمعہ 26 جنوری 2024 22:00

مخالف امیدواروں کے پاس کوئی منشور ہے ،نہ عوامی فلاحی پروگراموں کیلئے کوئی خاطر خواہ منصوبہ ، پرویز خٹک
․نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2024ء) پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے مرکزی چیئرمین سابق وزیر اعلیٰ پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ میرے مخالف امیدواروں کے پاس نہ کوئی منشور ہے اور نہ عوامی فلاحی پروگراموں کیلئے کوئی خاطر خواہ منصوبہ ،ان کو پرویز خٹک فوبیا ہو گیا ہے ان کے انتخابی مہم کے دوران تقریر پرویز خٹک سے شروع ہو کر پرویز خٹک پر ہی ختم ہوتی ہے یہ اس بات کی دلیل ہے کہ میرے مخالفین میری عوامی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اکوڑہ خٹک کے نواحی علاقہ میاں رضوان کلے میں میاں نگیال کاکاخیل کے حجرے میں ایک بڑے شمولیتی تقریب و عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقعہ پر امیدوار برائے حلقہ پی کے 86اسماعیل خٹک ، سابق صوبائی وزیر جان محمد خان خٹک کے فرزند وصال خان خٹک ، نگیال کاکاخیل اور دیگر معززین علاقہ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان ،نواز شریف اور آصف زرداری سے بھی بڑا نوسرباز نکلاجس نے مجھ جیسے قابل اور منجھے ہوئے سیاستدان کو تبدیلی کے نام پر دھوکہ دے کر خود خو وزیر اعظم بنایا اور اس سے قبل میرے ہی زریعے پورے ملک میں تحریک انصاف کو ایک مضبوط سیاسی جماعت بنایا لیکن وہ یہ نہ بھولے کہ ان کی پارٹی پی ٹی آئی کو میں نے بنایا تھا اور ختم بھی میں ہی کروں گا کیونکہ دھوکے بازیاں زیادہ دیر نہیں چلتی عمران خان کہتا تھا کہ میری حکومت میں ڈالرز پاکستان آئیں گے لیکن ان کی حکومت میں تو جیسے ڈالرز کوجیسے پر گلے اور یکا یک غائب ہو گئے ان سے بڑا جھوٹا کوئی نہیں ان کے پاس کوئی پروگرام ہی نہیں تھا لیکن خود کو بڑا تیس مار خان سمجھ بیٹھا تھا ان کو اپنا غرور لے ڈوبا ، نئے پاکستان بنانے والے عمران خان نے پیارے پاکستان کا ستیاناس کر ڈالا ،میری سیاست کا مقصد قوم کا سیاسی شعور بیدار کرنا ہے کہ اگر کویہ آپ سے ووٹ مانگنے آئے تو کم از کم قوم ان سے یہ تو پوچھ سکے کہ تم نے قوم کے مفاد کا کونسامنصوبہ شروع کیا ہے جو سیاست دان آپ کو مطمئن کرسکے وہی آپ کے ووٹ کا حقدار ہے لیکن یہاں کسی کے پاس کوئی جواب ہی نہیں اور قومی مفادات کے منصوبے شروع کرنے کا جواب و جواز اور اطمینان صرف آپ کو پرویز خٹک سے ملے گا ۔

پرویز خان خٹک نے کہاکہ نواز شریف ، آصف زرداری اور عمران خان سمیت سب کے سب قومی مجرم ہیں کیونکہ اربوں ڈالرز انہوں قرضے لیکر مہنگائی کا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا ہے کیونکہ ان قرضوں پر سود اور قرضوں کو اتارنے کیلئے پھر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے شرائط بھی ماننے پڑتے ہیں اور آئی ایم ایف کی شرائط میں پہلی شرط ملک میں اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے کی بات سرفہرست ہوتی ہے انہوں نے مزید کہا کہ قرضے پے قرضے لیکر ملک کے چند خاندان اور ان کے بچے عیاشیاں کر رہے ہیں جبکہ مہنگائی کا بوجھ ہم غریب عوام کو برداشت کرنا پڑتا ہے بس بہت ہو چکا اب ہم اسلام ، روٹی کپڑا اور مکان ، پختون اور تبدیلی کے نام پر دھوکہ نہیں کھائیں گے اسلام والوں کو اسلام آباد کی فکر ہوتی ہے ، روٹی کپڑا اور مکان والوں نے لوٹ مارکرکے تجوریاں بھریں اور نئے پاکستان بنانے والے نے پیارے پاکستان کاستیا ناس کرڈالا ،بس نوشہرہ کے عوام نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ اپنی قیادت کو اسمبلی تک پہنچا کر صوبے کے حقوق کی بات کریں گے عوام،پگڑی کے نشان کو یاد رکھیں،8فروری کو جیت کاجشن پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے کارکن ہی منائیں گے ۔

نوشہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں