جمعیت علمائے اسلام (س) کے زیراہتمام ملک بھرمیں یوم یکجہتی فلسطین کی مناسبت سے ریلیاں نکالی گئیں

فلسطینی مسلمانوں پر جاری وحشیانہ ظلم و جبر پر اقوام عالم بالخصوص امت مسلمہ کے نام نہاد حکمرانوں کی خاموشی شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے،مولانا حامد الحق حقانی

جمعہ 13 اکتوبر 2023 22:43

اکوڑہ خٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2023ء) جمعیت علمائے اسلام (س) کے امیر دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے یوم یگجہتی فلسطین و بیت القدس شریف کی مناسبت سے اکوڑہ خٹک میں ایک عظیم الشان ’’یکجہتی فلسطین مارچ‘‘سے خطاب کرتے کہاکہ فلسطینی مسلمانوں پر جاری وحشیانہ ظلم و جبر پر اقوام عالم بالخصوص امت مسلمہ کے نام نہاد حکمرانوں کی خاموشی شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے۔

گزشتہ پون صدی سے مظلوم فلسطینیوں کی جان و مال اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی اقوام عالم کے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔ مسئلہ فلسطین پر بین الاقوامی ادارے منصفانہ طرز عمل کو پروان چڑھائیں، اب وقت ہے کہ ناجائز قابضین و جابرین کی پشت پناہی کو چھوڑ کر حقیقی حریت پسندوں کی آواز کو سنیں اگر اب بھی مظلومین کی آواز کو سن کر داد رسی نہ کی گئی تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار مولانا حامد الحق حقانی نے اپنی زیرقیادت ہزاروں افراد پر مشتمل عظیم الشان ’’یکجہتی فلسطین مارچ ‘‘ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ اب بھی وقت ہے کہ اقوام عالم مسئلہ فلسطین کے پرامن اور قابل قبول حل کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں یہ نہ ہو کہ پانی سروں کے اوپر سے گزر کر کہیں بہت دیر نہ ہوجائے،مولانا حامد الحق نے اسلامی دنیا بالخصوص پاکستان ،سعودی عرب،قطر،ایران ،ترکی اوردیگر مسلم ممالک سے اپیل کی کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے ان کے ساتھ ہر قسم کا سیاسی ،اخلاقی،مالی اور جانی تعاون پیش کریں۔

مارچ سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا سید یوسف شاہ نے کہاکہ امت مسلمہ کو باطل اور طاغوتی شیطانی قوتوں کے مقابلے میں متفق ومتحد ہونا پڑے گا، امت مسلمہ اگر حقیقی اتحاد کرلے تو اس کودنیا کی کوئی طاقت نہیں توڑ سکے گی، اس وقت امت مسلمہ کا اولین ہدف قبلہ اول بیت المقدس شریف کی آزادی ،حرمین شریفین مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا تحفظ مظلوم فلسطینی ،کشمیری ،برما ،شام اور ہندوستان کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے، مارچ سے جمعیت کے رہنما مولاناعرفان الحق حقانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس شریف پر دہائیوں سے قابض یہودونصاری مسلمانوں کی غیرت ،حمیت،تہذیب و تمدن کو مٹانا چاہتے ہیںجوکہ مسلمان کسی بھی صورت ہونے نہیں دیں گے۔

مارچ سے مولانا عبدالقیوم حقانی،مولاناخزیمہ سمیع ،مولانا اسامہ سمیع ،مولانا لقمان الحق کے علاوہ دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔جمعیت علمائ اسلام کی اپیل پر ملک بھر میں ''یوم یکجہتی فلسطین'' کی مناسبت سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا اور قبلہ اول کے تحفظ و آزادی کی آواز بلند کرنے کے لئے یوم القدس کے طورپر منایا گیا۔ صوبہ سندھ سے مولانا احمد یار خان، مولانا اقبال اللہ ،مولانا محمد عثمان سموں،حضرت ولی ہزاروی،مولانا عبدالواحد خان سواتی، حافظ ارمان چوہان،صوبہ پنجاب سے مرکزی نائب امیر مفتی حبیب الرحمن درخواستی، پیر عبدالقدوس نقشبندی،مولانا ایوب خان، مفتی اسعد درخواستی، صوبہ خیبرپختونخوا سے شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی،صوبائی سرپرست اعلیٰ مولانا عبدالواحد،قاری فتح محمد، مولانا سبز علی خان، صوبہ بلوچستان سے مولانا نجم الدین درویش،مولانا عبدالحلیم ،عبدالقیوم میرزئی، مولانا طاہر شاہ اخونزادہ ودیگر نے اجتماعات سے خطاب کیا۔

نوشہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں