پاکپتن میں نئی نویلی دلہن لاکھوں روپے مالیت کے زیورات سمیٹ کر فرار ہوگئی

شادی کی پہلی رات دلہن نے اپنے دولہا کو نشہ آور دودھ پتی پلا کر بے ہوش کرنے کے بعد واردات ڈال دی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 1 مئی 2024 12:41

پاکپتن میں نئی نویلی دلہن لاکھوں روپے مالیت کے زیورات سمیٹ کر فرار ہوگئی
پاکپتن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی 2024ء ) صوبہ پنجاب کے شہر پاکپتن میں نئی نویلی دلہن لاکھوں روپے مالیت کے زیورات لوٹ کر فرار ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دلہن اپنے دولہا کو نشہ آور مشروب پلا کر بے ہوش کرنے کے بعد گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور قیمتی سامان سمیٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی، واردات سے پہلے صائمہ نامی نئی نویلی دلہن نے اپنے دولہا اقبال حسین کو نشہ آور دودھ پتی پلا کر بے ہوش کیا اور گھر سے طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئی جس کی مالیت 12 لاکھ بتائی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ صبح اٹھ کر اہل خانہ نے دولہا کو اپنے کمرے میں بے ہوش پایا جب کہ دلہن وہاں سے غائب تھی، جس پر گھر والوں نے فوری پولیس کو اطلاع دی جب کہ دولہا اقبال کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا، جس کے بعد پولیس نے دلہن سمیت 4 افراد کے خلاف تھانہ صدر میں مقدمہ درج کر لیا اور ملزمان کی تلاش کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے چھاپہ مار کارروائیوں کا آغاز کردیا۔

(جاری ہے)

رواں برس جنوری میں آزاد کشمیر میں ایک ایسا سکینڈل سامنے آیا جس میں غیر ملکی لڑکی کا بھیس بدل کر لڑکا بن کر شادیاں رچانے کا انکشاف ہوا، نرگس نامی خاتون نے شعبان کے نام سے شناخت بنا رکھی تھی، نرگس حلیہ بدل کر آزاد کشمیر آکر رشتے تلاش کرتی صرف نکاح کرتی تھی، سفری کاغذات تیار کرکے دلہن کو بیرون ملک بلواتی اور فروخت کر دیتی تھی، اس مقصد کیلئے ملزمہ نرگس آزاد کشمیر آکر خود دلہا بن کر شادی کرتی تھی، نرگس دوبارہ اپنا شکار تلاش کرنے آزاد کشمیر پہنچی تو متاثرہ فیملی نے پہچان لیا، پولیس کو فوری طور پر شکایت درج کراکے اس کو گرفتار بھی کروا دیا۔

متاثرہ فیملی کا کہنا تھا کہ نرگس شادی کرنے کے بعد بیرون ملک جا کر دلہن فروخت کر دیتی تھی، جس نے لڑکا بن کر رشتے کے لیے رابطہ کیا، یہ لوگ ہمارے گھر آئے اور رشتہ طے ہواکچھ عرصہ بعد بچی کی شادی ہوئی تو ہم نے اسے رخصت کر دیا تو ملزمہ نے بچی کو طرح طرح کی تکلیفیں دینا شروع کر دیں، اس نے بچی کو نامعلوم جگہ لے جا کر فروخت کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے بتایا کہ جب بچی کو حقیقت معلوم ہوئی کہ اسے فروخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تو اس نے شور شرابہ شروع کر دیا، وہاں موجود لوگوں نے ہماری بچی کی بات سنی اور مدد کرنے کی کوشش کی، جس کے بعد بچی کو مجفوظ جگہ پر لے جایا گیا اور بچی نے ہم سے رابطہ کرکے بتایا کہ جس شخص سے شادی کی تھی دراصل وہ ایک لڑکی ہے اور مجھے فروخت کرنا چاہتی تھی، جس کے بعد ہم نے اپنے کسی ذریعے سے ملزمہ کو میرپور بلوایا اور پولیس سے گرفتار کروا دیا اور پولیس کو بتایا کہ یہ دراصل ایک لڑکی ہے جو لڑکا بن کر شادیاں رچاتی ہے لہذا اس سے متعلق تحقیقات کی جائیں۔

پاکپتن میں شائع ہونے والی مزید خبریں