ن لیگ کو الوداع، بشریٰ بی بی کے داماد حیات مانیکا کی پی ٹی آئی میں شمولیت

مسلم لیگ ن کو خیر باد کہہ دیا ہے تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑ رہا ہوں، حلقہ کی عوام کی رائے سے تحریک انصاف جوائن کی، جیت کر سیٹ کپتان کو گفٹ کروں گا۔ پریس کانفرنس میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 جنوری 2024 11:55

ن لیگ کو الوداع، بشریٰ بی بی کے داماد حیات مانیکا کی پی ٹی آئی میں شمولیت
پاکپتن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 جنوری 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے داماد حیات مانیکا مسلم لیگ ن چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے سابق ٹکٹ ہولڈر میاں حیات مانیکا نے پارٹی سے راہیں جدا کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی، ملک میں ہونے والے آئندہ عام انتخابات میں ان کا مقابلہ ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈر فاروق مانیکا سے ہوگا۔

بتایا گیا ہے کہ حیات مانیکا بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے داماد ہیں جب کہ پنجاب کے سابق صوبائی وزیر عطا مانیکا اور ان کے بیٹے حیات مانیکا مسلم لیگ ن کو پی پی 193 پاکپتن کیلئے انتخابی ٹکٹ نہیں ملا تھا کیوں کہ ن لیگ نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 193 پاکپتن سے حیات مانیکا اور ان کے والد عطا مانیکا کی بجائے فاروق مانیکا کو ٹکٹ دیا تھا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ پاکپتن سے کاغذات جمع کروانے اور ٹکٹ نہ ملنے پر عطاء مانیکا نے بیٹے حیات مانیکا اور ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا، سابق لیگی رہنما حیات مانیکا نے پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کو خیر باد کہہ دیا ہے تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑ رہا ہوں، حلقہ کی عوام کی رائے سے تحریک انصاف جوائن کی، جیت کر سیٹ کپتان کو گفٹ کروں گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں حیات مانیکا پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 193میں مسلم لیگ ن کا ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد امیدوار کی حثیت سے الیکشن لڑ رہے تھے، پریس کانفرنس کے موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر راؤ عمر ہاشم، راؤ نسیم ہاشم، مہر معین الدین چشتی، ضلعی صدر تحریک انصاف ریاض ارشد نیازی سمیت کارکنان اور ورکرز کی کثیر تعداد شریک تھی۔

پاکپتن میں شائع ہونے والی مزید خبریں