پشاور ائیرپورٹ پر کورونا ویکسین نہ لگوانے والے افراد مشکل میں پھنس گئے

ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر ائیرپورٹ پر درجنوں مسافر آف لوڈ کر دیا گیا، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 1 اگست 2021 22:32

پشاور ائیرپورٹ پر کورونا ویکسین نہ لگوانے والے افراد مشکل میں پھنس گئے
پشاور (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، یکم اگست 2021) پشاور ائیرپورٹ پر کورونا ویکسین نہ لگوانے والے افراد مشکل میں پھنس گئے ، و یکسی نیشن سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر ائیرپورٹ پر درجنوں مسافر آف لوڈ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کے باچا خان ائیرپورٹ پر کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر 27 مسافر وں کو آف لوڈ کردیا گیا۔آج سے اندرون ملک فضائی سفر کیلئےکورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے اس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جارہا ہے۔

ائیرپورٹ حکام کے مطابق باچا خان ائیرپورٹ پر27 مسافروں کو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ نہ ہونے پرآف لوڈ کیا گیا۔حکام نے بتایا کہ مسافر نجی ائیر لائنز سے کراچی جارہے تھے۔دوسری جانب کراچی میں ایئرپورٹ پر کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر 8 مسافر آف لوڈ کیے گئے۔

(جاری ہے)

سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام نے بتایا ہے کہ ایئرپورٹ منیجر کی زیرنگرانی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کیے جارہے ہیں کیوں کہ اندرون ملک فضائی سفر کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے ، کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی پابندی آج سے اندرون ملک جانے والی پروازوں پرلاگو ہے جب کہ بیرون ملک سفر کرنے والے پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، غیرملکی شہری بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

دوسری جانب پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کی تعداد 3 کروڑ سے تجاوز کرگئی ، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اسد عمر نے بتایا ہے کہ ملک میں پہلی ایک کروڑ ڈوزز 113 دن اور دوسری ایک کروڑ خوراکیں 28 دن میں لگائی گئیں جب کہ کورونا ویکسین کی تیسری ایک کروڑ ڈوزز صرف 16 دن میں لگیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ہفتے کے تمام 6 دن کورونا ویکسین لگانے کی رفتار میں تیزی آئی اور گزشتہ روز صرف ایک دن میں 9 لاکھ 34 ہزار خوراکیں دی گئیں جب کہ مجموعی طور پر گزشتہ 6 روز میں کورونا ویکسین کی 50 لاکھ خوراکیں دی گئیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں