کینٹ بورڈ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف پر عوام کے اعتماد نے ثابت کردیا ہے،خلیق الرحمان

عوام ملک میں حقیقی تبدیلی کی خواہاں ہے جو صرف اور صرف پاکستان تحریک انصاف کی قیادت لاسکتی ہے،مشیر برائے محکمہ ایکسائز،ٹیکسیشن و نارکوٹکس

اتوار 19 ستمبر 2021 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2021ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے محکمہ ایکسائز،ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خلیق الرحمن نے کہا ہے کہ کینٹ بورڈ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف پر عوام کے اعتماد نے ثابت کردیا ہے کہ عوام ملک میں حقیقی تبدیلی کی خواہاں ہے جو صرف اور صرف پاکستان تحریک انصاف کی قیادت لاسکتی ہے۔

صوبائی اور مرکزی حکومتیں ہر فورم پر انصاف اور میرٹ کی بالا دستی کے لئے کوشاں ہیں۔ محکموں اور اداروں میں اصلاحات وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے وژن کا حصہ ہے۔ صوبے میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ صوبے میں ڈیجیٹلائزیشن سے شفافیت اور میرٹ کو فروغ حاصل ہوگا۔ صوبہ خیبر پختونخوا اور خاص کر نوشہرہ میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جارہا ہے بڑے بڑے منصوبوں کی تکمیل سے نوشہرہ ترقیافتہ اضلاع کی صف میں کھڑا ہو جائیگا۔

(جاری ہے)

حکومت کی اولین ترجیح پسماندہ علاقوں میں عوامی فلاحی منصوبوں کا فروغ ہے۔ نوشہرہ کے تمام محکموں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے صوبے میں جلد گاڑیوں کے یونیورسل نمبرشروع ہو جائیں گے جس کا مقصد صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کی تعداد بڑھانا ہے۔ خیبر پختونخوا کا ہر شہری اپنے صوبے کی نمبر پلیٹ پر فخر کرے ایسا نظام وضع کر رہے ہیں۔ عوام محکمہ ایکسائز،ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کے حوالے سے براہ راست اپنی شکایات ویب پورٹل پر درج کر سکتے ہیں جس کا گھنٹوں میں ازالہ کیا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ اپنے حلقہ نیابت کے دورہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مشیر ایکسائز وٹیکسیشن خلیق الرحمن نے نوشہرہ اپنے حلقہ نیابت میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی دورہ کیا اور مختلف جگہوں پر جاری ترقیاتی کاموں کے معیار کا جائزہ لیا اس موقع پر انہوں نے متعلقہ ٹھیکیداروں اور مختلف محکموں کے افسران کو تاکید کی کہ معیار اور مقدار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائیگا۔

انہوں نے اس موقع پر افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کو مقررہ عرصے میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ایک مثبت جانب رواں دواں ہے۔ دنیا میں گرین پاسپورٹ اور پاکستان کی اہمیت کا اندازہ ہر کسی کو لگ چکا ہے۔ خطے میں اس وقت پاکستان اہم مقام پر کھڑا ہے جس کا تمام تر سہرا وزیر اعظم عمران خان کے سر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کینٹ بورڈ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی فتح اس بات کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع پرویز خٹک صوبے کے لئے مرکز میں اہم رول ادا کر رہے ہیں جس کے ثمرات سے خیبر پختونخوا جلد مستفید ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ترقیاتی کام زوروشور سے جاری ہیں اور اس میں معیار اور مقدار کا خاص خیال رکھا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ سابق ادوار میں ترقیاتی کام رشوت ، سفارش اور اقربا پروری کی نذر ہو جاتے تھے مگر تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آکر ایسے اقدامات کئے کہ اقربا پروری اور سفارش کا قلع قمع ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے جس پر وہ عوام کو سڑکوں پر لے آئیں۔آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کے وژن کے مطابق صوبے کے تمام محکموں کو ڈیجیٹلائز کیا جارہا ہے جس کے دور رس اثرات ان محکموں کی کارکردگی پر پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ زما کے پی ایپ سے عوام گھر بیٹھے اپنی گاڑی کا ٹوکن ٹیکس سمیت دیگر ٹیکسز ادا کر سکیں گے۔ صوبے میں جلد یونیورسل نمبر شروع کئے جارہے ہیں صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس ایک روپے کردی گئی ہے حکومت اور محکمہ ایکسائز ایسے اقدامات اٹھا رہے ہیں کہ خیبر پختونخوا کا ہر شہری اپنی گاڑی کے لئے اپنے صوبے کے نمبر پلیٹ پر فخر محسوس کر سکے گا۔

رجسٹریشن، ٹوکن ٹیکس سمیت دیگر خدمات کے حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایات عوام براہ راست میرے ویپ بیج پر کر سکتے ہیں جس کا ازالہ گھنٹوں میں ہو گا۔ انہوں نے محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ محکمے کے امیج کو عوام کی خدمت کے اصولوں پر استوار کرنا ہوگا اور اس راہ میں رکاوٹ بننے والے عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں