چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار اور صنعتوں کے فروغ کے لئے آسان شرائط او ر کم شرح سود پر قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،شیربازبلور

جمعرات 3 دسمبر 2020 18:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2020ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیر باز بلور نے کمرشل بنکوں سے مطالبہ کیا ہے کہ چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار اور صنعتوں کے فروغ کے لئے آسان شرائط او ر کم شرح سود پر قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ بنکوں سے قرضوں کی حصول کے لئے بزنس کمیونٹی کو بے شمار مشکلات درپیش ہیں جس کو فوری دور کرنے کے عملی اقدامات کئے جائیں اور بینکنگ نظام میں جدت اور تیزی لائی جائے ۔

صوبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی ترقی کے لئے خصوصی مراعات اور اسکیموں کو متعارف کروائی جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز نیشنل بینک آف پاکستان پشاور ریجنل کی ٹیم سے ملاقات کے دوران کیا جس میں این آئی بی وائس پریذیڈنٹ (ریجنل ایگزیکٹو بزنس )وقار احمد ‘ وائس پریذیڈنٹ ایس ایم ای آصف نعیم ‘ منیجر مارکیٹنگ اینڈ ریکوری محمد مغیر آفریدی اور ایس ایم آفیسر انفارمیشن محمد تیمور احمد شامل تھے۔

(جاری ہے)

نیشنل بینک کی ٹیم نے سرحد چیمبر کے صدر کو وزیراعظم پاکستان کی طرف سے بے گھر افراد کو گھر کیلئے قرضہ بنام (نیا پاکستان ) کے حوالے سے تفصیلاً بریفنگ دی اور بزنس کمیونٹی سے مطالبہ کیا کہ این آئی بی سے اس حوالے سے قرضوں کے حصول کے لئے رجوع کریں ۔ سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور نے کہاکہ کمرشل بنک بزنس کمیونٹی کے لئے قرضوں کو آسان شرائط اور کم شرح سود پر فراہمی کے لئے اقدامات کریں اور قرضوں کے حصول کے نظام کو سہل بنایا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ کاروبار اور صنعتی ترقی سے ہی ملک و صوبہ کی معیشت مستحکم ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ کورونا لاک ڈائون سے متاثرہ بزنس کمیونٹی کو بنکوں کے ذریعے بلا سود قرضے فراہم کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں کاروبار اور صنعتوں کے فروغ سمیت سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنا سرحد چیمبر کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ اس ضمن میں حکومت سرمایہ کاروں کے خصوصی مراعاتی پیکیج کا اعلان کریں تاکہ سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے ۔

انہوں نے بتایا کہ بزنس کمیونٹی کو بنکوں کے ذریعے قرضوں کے حصول میں بے شمار دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جن کو دور کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور نظام کو سہل اور تیز رفتار بنایا جائے ۔ نیشنل بینک کی سسٹم سے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے نیا پاکستان سکیم کے حوالے سے بزنس کمیونٹی اور عام لوگوں کو اس سے استفادہ حاصل کرنے پر زو ر دیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں