ضمنی انتخابات میں سلیکٹڈ وزیراعظم ووٹ چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیاہے، میاں افتخار حسین

ہفتہ 27 فروری 2021 00:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 فروری2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں سلیکٹڈ وزیراعظم ووٹ چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیاہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں چوری ثابت ہونے پرانتخابات کو کالعدم دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ 2018 کے انتخابات میں بھی اسی طرح ووٹ چوری ہوا تھا ، عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا اور جعلی حکمرانوں کو ملک پر مسلط کیا گیا۔

ضمنی انتخابات نااہل حکمرانوں کے خلاف عوامی ریفرینڈم تھا۔ اے این پی پنجاب واسلام آباد کے زیر اہتمام باچا خان اور ولی کی برسیوں بارے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے دعویدار سلیکٹڈ وزیر اعظم پاکستان کا کرپٹ ترین آدمی ہے، دوسروں کو خاندان کا طعنہ دینے والا پہلے خود اپنے خاندانی پس منظر کا جائزہ لے،پچھلے سینیٹ انتخابات بارے لیکڈ ویڈیو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ تحریک انصاف انتخابات میں خرید وفروخت کی سرغنہ ہے، خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات کی خرید وفروخت میں وزیراعلی ، قومی اسمبلی کے سپیکر اور دیگر ارکان ملوث ہیں، ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ہوا تو سلیکٹڈ وزیر اعظم سمیت پوری تحریک انصاف کی چھٹی ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پختونوں کے ساتھ تفریق کا سلوک کیا جارہا ہے اور ان کو باعث روزگار کرنے سے روکا جارہا ہے، اے این پی اس قسم کے ہتکھنڈوں کی بھرپورمذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ پختونوں کو بے جا تنگ کرنے سے گریز کیا جائے اور ان کو بھی اس ملک کا باعزت شہری سمجھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ باچا خان اور خدائی خدمتگاروں نے پختون قوم کی بیداری کے لئے بے پناہ جدوجہد کی ہے، قید وبند کی صعوبتیں برداشت کی لیکن اپنی قوم کی خاطر ظالموں کے سامنے چٹان کی طرح ڈٹے رہے، انہوں نے انگریزوں کامقابلہ کیا اور ان کو یہاں سے بھاگنے پر مجبور کردیا، آج انہی اکابرین کی جدوجہد کی وجہ سے ہم آزادی کی فضا میں سانس لے رہے ہیں، لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ جو لوگ اس زمانے میں انگریزوں کے وفادار اور قوم کے غدار تھے آج پاکستان کے سیاہ وسفید کے مالک بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کی ذمہ داری حکومت وقت کی ہوتی ہے، اے این پی بلوچستان کے ترجمان اسد خان اچکزئی پچھلے چار مہینوں سے لاپتہ ہیں، حکومت اور انتظامیہ ان کی بازیابی میں ناکام رہی ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ اسد خان اچکزئی سمیت تمام لاپتہ افراد کو باحفاظت بازیاب کرایا جائے، ان کو عدالتوں میں پیش کیا جائے، جو قصوروار ہیں ان کو قانون کے مطابق سزا دی جائے اور جو بے گناہ ہیں ان کو چھوڑا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا حصہ ہے اور ہمارا مطالبہ روز اول سے بالکل واضح ہے کہ موجودہ سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ کیا جائے، ملک میں نئے سرے سے صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد کرایا جائے جو ہر قسم کی مداخلت سے پاک ہو۔ ملک میں آئین، قانون اور پارلیمان کی بالادستی کو یقینی بنایاجائے، تمام اداروں کو اپنے دائرہ اختیار میں رہنے کا پابند کیا جائے، تب ہی پاکستان میں حقیقی جمہوریت پروان چڑھے گی اور عوام کو ان کے آئینی اور قانونی حقوق حاصل ہوں گی

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں