پشاور یونیورسٹی ‘ پرو وائس چانسلر تقرری عمل کو تیز کیا جائے ‘ پیوٹا

موجودہ صورتحال میں صوبے کی متعدد جامعات میں وائس چانسلرز کی آسامیاں خالی ہیں

منگل 16 اپریل 2024 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن (پیوٹا)نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، گورنر خیبر پختونخوا، وزیر ہائیر ایجوکیشن اور جملہ مجاز افسران بالا سے اپیل کی ہے کہ قانون کے مطابق صوبہ کی قدیم درسگاہ پشاور یونیورسٹی کیلئے فی الفور پرو وائس چانسلر کی تقرری کے عمل کو تیز اور یقینی بنائیں تا کہ قیادت کے فقدان کے نتیجے میں پیش آنے والے مسائل سے بروقت بچا جا سکے۔

پیوٹا کے عہدیداروں کے مطابق خیبر پختونخواجامعات کے قوانین میں پرو وائس چانسلرکا عہدہ اس لئے تخلیق کیا گیا تھا کہ وائس چانسلر کی عدم موجودگی میں یونیورسٹی کے جملہ امور بالخصوص تعلیمی،انتظامی اور مالی معاملات بلا تعطل جاری رہ سکیں اور جامعات کودر پیش مسائل کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

یوں توموجودہ صورتحال میں خیبر پختونخوا کی متعدد جامعات میں وائس چانسلرز کی اسامیاں خالی ہیں اور ان پر تقرریوں کا عمل ہونا باقی ہے ایسے میں مجاز اتھارٹیز پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قانون کے مطابق فوری پرو وائس چانسلرز کی تقرریوں کا نوٹیفیکیشن جاری کریں تا کہ مستقل وائس چانسلرز کی تعیناتیوں تک جامعات کے امور کو احسن انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے اپیل کی ہے کہ جامعہ پشاور کیلئیقانون کے مطابق فلفورپرو وائس چانسلر کی تقرری کا عمل پورا کیا جائے واضح رہے کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم (سابق پرو وائس چانسلر) 12 اپریل 2024 کو اپنی مدت ملازمت پوری کر کے سبکدوش ہو چکے ہیں اور جامعہ پشاورمیں وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلرکے دونوں کلیدی عہدے خالی ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں