احسان ظفر عباسی کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا ،وزیراعلی سردار علی امین گنڈاپور

بدھ 8 مئی 2024 22:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2024ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور سے ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے با صلاحیت نوجوان احسان ظفر عباسی نے ملاقات کی ہے۔احسان ظفر عباسی نے کی بورڈ کے ذریعے گاڑی کو کنٹرول کرنے اور چلانے کا کامیاب سسٹم بنایا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے احسان ظفر عباسی کی تخلیقی صلاحیتوں کی سراہا اور صوبائی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان بھرپور صلاحیتوں کے مالک ہیں، صوبائی حکومت ایسے نوجوانوں کی نہ صرف حوصلہ افزائی کرے گی بلکہ ان کی بھر پور معاونت بھی کرے گی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ احسان ظفر عباسی بھی ایک با صلاحیت نوجوان ہے،جس نے ثابت کیا ہے کہ اگر آپ میں صلاحیت ہے تو آپ وسائل کے بغیر بھی بہت کچھ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسے با صلاحیت نوجوان دنیا میں ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ ایسے نوجوانوں کی سرکاری سطح پر سرپرستی کی ضرورت ہے، موجودہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھارہی ہے۔وزیر اعلی نے اس موقع پر احسان ظفر عباسی کو کسی اچھی یونیورسٹی میں داخل کروا کر اسے سپانسر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ احسان ظفر عباسی کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا اور اس کی متعارف کردہ ٹیکنالوجی کو پروموٹ کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔احسان ظفر عباسی نے ملاقات کے لئے وقت دینے اور بھر پور حوصلہ افزائی کرنے پر وزیر اعلی خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں