حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے ٹڈی دل نے بلوچستان بھر میں باغات، فصلوں اور درختوں کی تباہی مچا دی ہے ،خوراک کی قلت کا اندیشہ ہے ملک نصیر احمدشاہوانی

بدھ 27 مئی 2020 20:31

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2020ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی لیڈر زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ملک نصیر احمدشاہوانی نے کہا ہے کہ حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے ٹڈی دل نے بلوچستان بھر میں باغات، فصلوں اور درختوں کی تباہی مچا دی ہے جس کی وجہ سے آنے والے وقت میں خوراک کی قلت پیدا ہونے کا اندیشہ ہے عدالت عظمیٰ اور این ڈی ایم اے سمیت دیگر اداروں کی جانب سے اس کا نوٹس لینے کے باوجود اس کے خاتمے کے لئے اسپرے نہیں کیاگیا صوبائی حکومت کے ترجمان غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے مضحکہ خیز بیانات دے رہے ہیں صوبے کے 30 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے اور ترجمان حالات کو کنٹرول میں ہونے کا دعویٰ کررہے ہیں یہ بات انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کے دوران کہی انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 ماہ سے زائد عرصے سے بلوچستان کے طول و عرض میں ٹڈل دل نے فصلوں، باغات ، پھلدار درختوں اور سبزے پر حملہ کرکے اسے نیست و نابود کردیا ہے جس کی وجہ سے بلوچستان کے زمینداروں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے ہم روز اول سے ہی چیخ رہے ہیں کہ ٹڈل دل کے خاتمے کے لئے اسپرے کیا جائے اور زمینداروں کو ساتھ لیکر اس کا سدباب کیا جائے حالانکہ اس سے قبل حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعداد و شمار میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اربوں روپے کے زمینداروں کو ٹڈی دل کی وجہ سے نقصانات اٹھانے پڑے ہیں لیکن حکومت نے اس صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا سپریم کورٹ آف پاکستان اور این ڈی ایم اے اس کے خاتمے کے لئے اقدامات اٹھانے کا عندیہ دے رہے ہیں صوبہ پنجاب اور دیگر صوبوں کے چند اضلاع میں ٹڈی دل ہے لیکن بلوچستان کے 30 اضلاع میں اس نے حملہ کیا ہے اور دیئے جانے والے انڈوں سے نئے بچوں کی افزائش سے مزید ٹڈی دل بڑھے گی اور اس نے اب تک حملہ کرکے فصلوں، باغات کو جو نقصان پہنچایا ہے وہ نا قابل تلافی ہے زمینداروں کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ چکا ہے بلوچستان جوکہ فروٹ باسکٹ ہے یہ ملک بھر کو مختلف اقسام کے فروٹ ، سبزیاں فراہم کرتا ہے آج اس کو ٹڈی دل نے تباہ کرکے رکھ دیا ہے اگر اس کو ختم کرنے کے لئے فوری طور پر اسپرے نہ کیا گیا تو آنے والے وقت میں خوراک کی کمی کا مسئلہ بھی درپیش ہوگا جو بلوچستان اور عوام کے لئے اس سے نمٹنا ناگزیر ہوجائے گا اس لئے حکومت کوہوش کے ناخن لینے چاہئے اور فوری طور پر بلوچستان بھر میں فضائی اسپرے کرکے ٹڈی دل کے خاتمے کو یقینی بنانا ہوگا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں