ْحکمرانوں کو بلوچستان کے معصوم عوام کے جائز حقوق دینا ہوں گے،،امیر جماعت اسلامی بلوچستان

سی پیک،بارڈرٹریڈاور ساحل پرتاجروں مچھیروں اور عوام کو سہولیات وآسانی دیکر ہی مسائل ومشکلات سے نجات دلائی جاسکتی ہے،مولانا عبدالحق ہاشمی

اتوار 23 جنوری 2022 00:26

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2022ء) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو بلوچستان کے معصوم عوام کے جائز حقوق دینا ہوں گے سی پیک،بارڈرٹریڈاور ساحل پرتاجروں مچھیروں اور عوام کو سہولیات وآسانی دیکر ہی مسائل ومشکلات سے نجات دلائی جاسکتی ہے ۔ حکومت کی غریب مکاؤ پالیسیوں، سودی معیشت کے خلاف ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی دھرنے دیے جائیں گے۔

تمام بڑے چھوٹے شہروں میں احتجاج ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے ظلم کی انتہا کردی، منی بجٹ واپس لیا جائے۔ گورنر سٹیٹ بنک وائسرائے کا کردار ادا کررہا ہے۔ ملک آئی ایم ایف کا اصطبل بن گیا۔ ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ آئندہ نسلوں کو یہی فرسودہ نظام دینا ہے یا اس خواب کو حقیقت میں بدلنا ہے جس کی خاطر اسلامیان برصغیر نے قربانیاں دیں۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی گوادر ،کراچی اورملک بھر کے غریب مظلوم عوام کی آواز بن گئی۔

سٹیٹس کو پارٹیاں بری طرح ایکسپوز ہوگئی۔ پرامن جمہوری جدوجہد سے ملک میں اسلامی انقلاب برپا کریں گے۔ انہوں نے تمام طبقہ ہائے سے اپیل کی کہ وہ جماعت اسلامی کے دھرنوں واحتجا ج میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ منی بجٹ، سودی معیشت، مہنگائی، بے روزگاری اور گورنر سٹیٹ بنک کے خلاف ملک بھر میں 100دھرنے دیے جائیں گے، ایک سو ایک واں دھرنا فائنل اور اسلام آباد میں ہوگا۔ حکمرانوں کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ عوام کو ریلیف دیں یا گھر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں، تینوں نے حکمرانی کے مزے لوٹے اور ملک کو برباد کیا، پی ٹی آئی نااہل ترین ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی کی منزل قرآن و سنت کے نظام کا نفاذ ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں