خاران ماسٹر پلان کے ٹاسک کو پورا کرنے کے لیے تمام متعلقہ آفیسران اپنی ذمہ داری ادا کرکے فزیبلٹی سٹڈی رپورٹ بنائیں،منیر احمد سومرو

اتوار 28 اپریل 2024 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر خاران منیر احمد سومرو کی زیر صدارت خاران ماسٹر پلان کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ماسٹر پلان کا فزیبلٹی سٹڈی کرنے کے لیے خاران آئے ہوئے کیمیوز کنسلٹنٹس، میونسپل کمیٹی، ایریگیشن، پی ایچ ای، ڈسٹرکٹ کونسل، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور تمام متعلقہ اداروں کے ہیڈ آفیسران اور نمائندے شریک تھی ۔

اجلاس میں خاران شہر کو ماڈل سٹی بنانے کے لیے ماسٹر پلان پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور تمام ضلعی آفیسران نے محکمانہ بریفنگ دیتے ہوئے اپنے تجاویز پیش کیں ۔ڈپٹی کمشنر خاران نے اس موقع پر کہا کہ ایم پی اے خاران صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی کی اولین ترجیح خاران ماسٹر پلان منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے جس کے لیے جامع منصوبہ بندی کے تحت اجتماعی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے انقلابی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلان میں سڑکوں کی کشادگی، شہر کی صفائی و خوبصورتی، سیوریج سسٹم کی بہتری، ہیلتھ اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی بہتری کے لیے اقدامات اور آبنوشی کی فراہمی سمیت بہت سے منصوبے شامل ہیں جن سے خاران کا نقشہ ہی بدل جائے گا۔ڈپٹی کمشنر خاران منیر احمد سومرو نے تمام شرکاء کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی اے خاران صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی کی جانب سے دیئے گئے ماسٹر پلان کے ٹاسک کو پورا کرنے کے لیے تمام متعلقہ آفیسران اپنی زمہ داری بخوبی نبھا کر ایک بہترین فزیبلٹی سٹڈی رپورٹ بنائیں تاکہ خاران کی ترقی و خوشحالی ممکن ہوسکے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں