صوبائی وزراء،ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور پاکستان پیپلزپارٹی رہنمائوں کا شکاگو شہداء کو سرخ سلام

مزدوروں کے بغیر ملکی معیشت کا چلنا نا ممکن ہے،ملکی ترقی میں مزدوروں کا خون پسینہ شامل ہے بد قسمتی سے آج بھی مزدوروں کا استحصال کیا جارہا ہے،شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے پاکستان میں شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے یوم مئی پر مزدوروں کو چھٹی کا حق دیا ، ڈپٹی اسپیکر بلو چستان اسمبلی غز الہ گو لہ

بدھ 1 مئی 2024 21:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) صوبائی وزراء ،ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے شکاگو کے شہداء کو سرخ سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدوروں کے بغیر ملکی معیشت کا چلنا نا ممکن ہے،ملکی ترقی میں مزدوروں کا خون پسینہ شامل ہے بد قسمتی سے آج بھی مزدوروں کا استحصال کیا جارہا ہے،شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے پاکستان میں شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے یوم مئی پر مزدوروں کو چھٹی کا حق دیا پیپلز پارٹی ہی مزدوروں کو انکے جائز حقوق دلاسکتی ہے بلوچستان اور ملک بھر کے مزدور پیپلز پارٹی کے جھنڈے تلے متحد ہوجائیں۔

یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و صوبائی وزیر میرصادق عمرانی ، وزیراعلیٰ کے مشیر سردار بابا غلام رسول عمرانی ،ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ ، پیپلز لیبر بیورو بلوچستان کے صدر شاہ جہان گجر،پی پی پی کے سابق جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،قاسم اچکزئی ،اختر بلوچ ، ہاشم محمدشہی ، حاجی عزیزلانگو،سابق صوبائی وزیر جعفرجارج ، میرمٹھاخان عمرانی ، اکرم گل ،بابو جان لاشاری،جہانگیربلوچ ، لالہ صغیرکھرل ، چیئرمین عنایت میروانی ، سکینہ عبداللہ خان ، مریم بی بی اوردیگر نے بدھ کو پیپلزلیبر بیورو کے زیراہتمام یوم مئی کے حوالے سے پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں شکاگو کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دن منایا جارہا ہے شکاگو کے شہداء نے مزدوروں کے حقوق کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے پاکستان میں 1970ء تک مزدوروں کا استحصال ہوتا رہا پیپلز پارٹی کے شہید قائد ذوالفقارعلی بھٹو نے برسراقتدار آکر یوم مئی پر مزدوروں کو چھٹی کا حق دیا اور لاکھوں ایکڑ زمین جاگیرداروں سے لیکر ہاریوں اور مزدوروں میں تقسیم کی۔

انہوں نے کہا کہ شکاگوکے محنت کشوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دنیا بھر کے مزدور تحریکوں میں تاریخی باب رقم کیا جو آج ان عظیم انسانوں کی قربانیوں کے بدولت محنت کشون کا سر فخر سے بلند ہے اور پوری دنیا کے محنت کشوں نے شکاگو کے عظیم شہداء کے لہوں کو اپنی شناخت کے لئے اپنا لیا ہے شکاگو کے شہداء نے اپنے لہو و لازوال قربانیوں اور شعوری جدوجہد کے ذریعے دنیا کے محنت کشوں کو یہ پیغام دیا کہ استحصالی نظام کو ختم کرکے مزدور راج قائم کیا جائے اور اس وقت کے سامراجی حکمرانوں ، مل مالکان ، کارخانہ داروں ،سرمایہ داروں صنعت کاروں کو للکار تے ہوئے اعلان کیا کہ ہمیں بھی زندہ رہنے کا حق دو، ہمارے اوقات کار مقرر کرو، ہماری تنخواہوں میں اضافہ کرو، ہمیں روزگار دو شکاگو کے عظیم محنت کشوں اور ان کی مخلص قیادت نے جان کی قربانی دیکر دنیا کے محکوم ، مظلوم طبقات مزدوروں کسانوں کاشتکاروں اور کھیت مزدوروں کے لئے ایک ایسے راستے کا تعین کیا جس کی منزل ایک ایسے معاشرے کا قیام تھا جس کی بنیاد عزت آزادی اور طبقاتی تضادات سے پاک سرمائے کی منصفانہ تقسیم تھی تاکہ محنت کش طبقہ جو اپنے ہاتھوں سے دو وقت کی روٹی کماتے ہیں انہیں باعزت روزگار میسر ہو محنت کشوں کی عظیم قربانیوں اور لہو کی بدولت دنیا بھر کے مزدوروں کے اوقات کار آٹھ گھنٹہ مقرر ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جب 2008ء میں حکومت قائم ہوئی تو پانچ سال کے دوران سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 250فیصد اضافہ کیا گیا اور کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ہزاروں ملازمین کو مستقل کرکے انکے روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی برسراقتدارآئی ہے تو عوام کو روٹی ،کپڑا اور مکان دیا اور لاکھوں کی تعداد میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیاگیا اب جبکہ پیپلزپارٹی وفاقی حکومت میں اتحادی ہے توپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کوشش ہے کہ مزدوروں کے مسائل حل اور پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانون کوروزگار کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو مزدوروں ،کسانوں سمیت دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے مسائل حل کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں مزدور،کسان پاکستان پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیںانشاء اللہ جب بھی پیپلز پارٹی برسراقتدارآئے گی تو مزدوروں کو انکے جائز حقوق دے گی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں