حکومت پنجاب عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، ڈپٹی کمشنر راجن پور

منگل 22 اکتوبر 2019 16:29

راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) حکومت پنجاب عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے ہیپاٹائٹس فری پنجاب پروگرام کے تحت’’ انسدادہیپا ٹائٹس خصوصی مہم‘‘ کا کیمپ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال راجن پور میں لگا دیا گیا ہے۔ 21اکتوبر سے لگایا گیا کیمپ 25 اکتوبر 2019 تک جاری رہے گا۔

یہ باتیں ڈپٹی کمشنر راجن پور محمدافضل ناصر خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں لگائے گئے انسداد ہیپا ٹائٹس کی خصوصی مہم کے کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی راجن پور ڈاکٹر محبت علی نے بتایا کہ انسداد ہیپاٹائٹس کی خصوصی مہم کے دوران مفت سکریننگ ،مفت ویکسی نیشن اور مفت علاج کیا جائے گا۔اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی جانب سے ہیلپ لائن نمبر 0800-99000 جاری کر دیا گیاہے۔

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریضوں کوسکریننگ کے دوران کسی قسم کی مشکلات پیش نہ آئیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہیپاٹائٹس کی سکریننگ کے تمام مراحل کا جائزہ لیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹراسپتال راجن پور ڈاکٹر عبداللہ جلبانی بھی موجود تھے۔

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں