صحافت وادب کو معاشرے کی اصلاح کے لئے استعمال کیا جائی سردار مسعود خان

اہل پونچھ نے صرف عسکری محاذ پر ہی نہیں ادبی محاذ پر بھی اہم کارنامے انجام دئیے زلزلے سے متاثرہ تعلیمی اداروں کی بحالی ترجیح اول ہے۔ کتاب کی تقریب رونمائی اور جھڑی سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 12 اکتوبر 2018 15:52

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2018ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ طنز و مزاح کے ذریعے ہلکے پھلکے پیرائے میں معاشرے کے بگاڑ اور معاشرتی برائیوں کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ اگر طنز و مزاح کی صنف کو ادب سے نکال دیا جائے تو ادب بے آب و گیاہ صحربن کر رہ جائے اور اس کی ساری چاشنی جاتی رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادکشمیر کے معروف ادیب اور مزاح نگار سردار محمد کبیر خان کی طنز و مزاح پر مشتمل نئی تصنیف کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب جس کا اہتمام راولاکوٹ کے صحافی اور پیلٹر صحافی سردار عابد صدیق نے کیا تھا جس میں صدر آزاد کشمیر کے علاوہ ممتاز شعراء اور ادیبوں نے شرکت کی۔ تقریب سے معروف شاعر اکرم سہیل، صحافی سردار ارشاد محمود، پروفیسر راجہ محمد شفیق خان، پروفیسر محمد مسعود خان، ڈاکٹر احمد حجازی ڈاکٹر راحب قاسمی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ سردار کبیر خان کی یہ نئی تصنیف ، مزاح نگاری، ادب اور بذلہ سنجی میں ایک نیا اضافہ ہی نہیں بلکہ سلیقہ شعاری اور شائستگی سے تنقید کے نئے ادبی رجحان کا آغاز بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سردار کبیر خان کا مزاح تجریدی نہیں بلکہ ٹھوس نوعیت کا ہے جس میں دھرتی کی خوشبو رچی بسی ہے۔ ان کا ادب دلی اور لکھنو کا نہیں بلکہ راولاکوٹ کا ہے۔ جس میں اصلاح معاشرہ اور تعمیر کا عنصر واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کشمیر کی تحریک آزادی میں اہلیان پونچھ کا کردار نمایاں طور پر عسکری رہا ہے لیکن اسی قبیلے کے ایک چشم و چراغ سردار کبیر خان کے حصے میں باکمال مزاح نگاری کی ندرت آئی ہے۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آج کی اس تقریب میں حلقہ ارباب زوق کی کثیر تعداد میں شرکت نہایت قابل رشک ہے اور یہاں جو مقالے پیش کئے گئے وہ اعلیٰ ادبی معیار کے ہیں اور انہیں بازوق لوگوں میں آکر اور انہیں سن کر دلی مسرت ہوئی ہے۔ قبل ازیں صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے حلقہ چار میں گرلز ہائی سکول جھڑی کی نو تعمیر شدہ عمارت کے افتتاح کرنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کی تعمیر اور تعلیمی سرگرمیوں کو معمول پر لانے میں حکومت اور متعلقہ حکومتی اداروں نے انتھک محنت کی جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں سکولوں کی معیاری عمارات تعمیر کی گئی۔

جن تعلیمی اداروں کی عمارات ابھی تک تعمیر نہیں ہو سکی ان کی تعمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی اور معاشی خوشحالی کے حصول کے لئے خواتین اور بچیوں کو تعلیم سمیت تمام شعبہ زندگی میں برابری کی بنیاد پر مواقع فراہم کرنا نا گزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ آزادکشمیر میں تعلیم باالخصوص بچیوں کی تعلیم کی شرح پاکستان کے دیگر علاقوں کی نسبت سب سے زیادہ ہے لیکن اس کے باوجود ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

صدر آزادکشمیر نے طالبات پر زور دیا کہ وہ محنت، لگن اور دلجمعی سے تعلیم حاصل کر کے والدین اور معاشرے کی توقعات پر پوری اتریں اور پاکستان اور آزاد جموں وکشمیر کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے طالبات سے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ وہ اپنی تاریخ سے آگاہی حاصل کریں اور تحریک آزادی کشمیر میں غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان اور دیگر اکابرین کے مشن کو آگے بڑہائیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں مردوں کے شانہ بشانہ کردار کے بغیر قومی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا یہی وجہ ہے آزادکشمیر کی تعلیمی پالیسی میں جنسی تفاوت اور امتیاز کی کوئی گنجائش نہیں۔ اس موقع پر آزادجموں وکشمیر کے محکمہ تعمیر نو کے سیکرٹری سردار فاروق تبسم اور گرلز ہائی سکول جھڑی کی تعمیراتی کمیٹی کے صدر سردار ممتاز خان نے اپنے خطاب میں صدر سردار مسعود خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جھڑی ہائی سکول میں فرنیچر کی مزید فراہمی ، مڈل سیکشن کی عمارت کی تعمیر ، کھیل کے میدان اور مڈل سکول میں پانی کی فراہمی کے لئے فنڈز مہیا کرنے کا اعلان اور باقی مطالبات پر ہمدردانہ غور کرنے کا اعلان کیا۔

قبل ازیں صدر سردار مسعود خان موسم کی خرابی اور بارش کے باوجود جب جھڑی گائوں پہنچے تو مسلم لیگ ن کے رہنمائوں سردار ریاض روشن، مسلم لیگ ن حلقہ چار کے صدر سردار عاشق ، ریٹائرڈ صدر معلم سردار ممتاز خان کی قیادت میں عوام علاقہ کی بڑی تعداد اور سکول کی طالبات نے صدر آزادکشمیر کا والہانہ استقبال کیا اور ان کو جلوس کی صورت میں تقریب کی جگہ پر لے گئے۔ جھڑی سکول کی افتتاحی تقریب میں سیکرٹری صدارتی امور سردار ظفر خان ، سیکرٹری سیرا فاروق تبسم، چیف انجینئر سیرا چوہدری محمد اسلم ، ڈائریکٹر پلاننگ سیرا عابد غنی اور ضلعی انتظامیہ کے آفیسران نے بھی شرکت کی۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں