آرمی چیف کا اکرام اللہ گنڈا پورکی شہادت پراظہار تعزیت

ہم ایک اورمحب وطن سیاسی رہنماء سےمحروم ہوگئے، سیاسی رہنماؤں کوامن دشمن نشانہ بنا رہے ہیں۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 22 جولائی 2018 18:40

آرمی چیف کا اکرام اللہ گنڈا پورکی شہادت پراظہار تعزیت
راولپنڈی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 جولائی 2018ء) : چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی کے 99کے انتخابی امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور کی شہادت پراظہار تعزیت اور اظہار افسوس کیا ہے،انہوں نے خود کش دھماکے میں زخمیوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اکرام اللہ گنڈاپور کی شہادت پراظہار افسوس کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہمارے شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔ہم ایک اور محب وطن سیاسی رہنماء سے محروم ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرعزم اور ثابت قدم ہیں اور ثابت قدم رہیں گے۔سیاسی رہنماؤں کوامن دشمن نشانہ بنارہے ہیں۔ واضح رہے سابق صوبائی وزیر زراعت خیبرپختونخوا اور ڈی آئی خان سے صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 99 کیلئے پی ٹی آئی کے امیدوار سردار اکرام اللہ خان گنڈا پور کی گاڑی پرخودکش حملے کے نتیجے میں سردار اکرام اللہ خان گنڈا پورشہید جبکہ5 افرادزخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او ) ظہوربابرآفریدی کے مطابق تحصیل کلاچی سے صوبائی نشست کے لیے تحریک انصاف کے نامزد امیدوار سردار اکرام اللہ خان گنڈاپور الیکشن مہم کے سلسلے میں اتوارکے روزکارنرمیٹنگ میں شرکت کیلئے جارہے تھے کہ راستے میں خودکش حملہ آورنے ان کی گاڑی کے قریب اپنے آپ کو دھماکے سے اڑادیاجس کے نتیجے میں سرداراکرام اللہ گنڈاپور سمیت 6 افراد شدیدزخمی ہوگئے،زخمیوں کوکمبائنڈ ملٹری ہسپتال ڈی آئی خان منتقل کیاگیاجہاں بعدازاں اکرام اللہ خان گنڈاپورزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ،زخمیوں میں ان کے ڈرائیورمحمدرمضان اور تین گن مین دلنواز،الیاس،عبدالرزاق اورایک راہگیرسیف الرحمن شامل ہیں ۔

ڈرائیورمحمدرمضان کی حالت بھی نازک بتائی جارہی ہے ،وقوعہ کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کوکمبائنڈ ملٹری ہسپتال ڈی آئی خان منتقل کردیاجبکہ سکیورٹی فورسزنے علاقے کوگھیرے میں لیکرسرچ آپریشن شروع کردیا۔یادرہے کہ اکرام خان گنڈاپورخیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ عنایت اللہ خان گنڈاپورکے بیٹے ہیں،چارسال قبل سرداراکرام خان گنڈاپورکے بھائی اسرارخان گنڈاپورایک خودکش حملے میں 25افرادسمیت شہید ہوگئے تھے۔

دریں اثناء خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ جسٹس (ر)دوست محمدخان نے ڈی آئی خان میں اکرام اللہ خان گنڈا پورپرہونے والے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے ان کی شہادت پرگہرے رنج وغم اورغمزدہ لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے خودکش دھماکے کے تحقیقات کیلئے کائونٹرٹیررزم اعلیٰ سطحی کمیٹی ڈیپارٹمنٹ کے چیف کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں ایس پی ،ایس ایس پی ہیڈکوارٹرز،ڈی ایس پی انوسٹی گیشن کے علاوہ آئی بی ،آئی ایس آئی اورایم آئی کے نمائندے شامل ہیں۔

نگراں وزیراعلیٰ کمیٹی کوتیزرفتارتحقیقات کرنے اورہرحوالے سے مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔مزیدبرآں نگراں وزیراعلیٰ نے ڈی آئی خان انتظامیہ سے 12گھنٹے کے اندروقوعہ کی جامع رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں