جنوبی وزیرستان؛ سکیورٹی اداروں کا دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں پر چھاپہ‘ بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد

دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے سب مشین گنز، آر پی جی سیون، دستی بم اور مختلف بور کے ہتھیاروں کے علاوہ دیسی ساختہ بارودی سرنگیں بنانے والا سامان بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر

Sajid Ali ساجد علی اتوار 23 جنوری 2022 11:06

جنوبی وزیرستان؛ سکیورٹی اداروں کا دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں پر چھاپہ‘ بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد
جنوبی وزیرستان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 جنوری 2022ء ) سکیورٹی اداروں نے جنوبی وزیرستان کے علاقے میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں پر چھاپہ مارا جہاں سے بڑی تعداد میں اسلحہ پکڑا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا ، اس دوران دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں پر چھاپوں میں بڑی تعداد میں ہتھیار اور بارود برآمد ہوا ، جن میں سب مشین گنز، آر پی جی سیون، دستی بم اور مختلف بور کے ہتھیار شامل ہیں اس کے علاوہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے دیسی ساختہ بارودی سرنگیں بنانے والا سامان بھی برآمد ہوا۔

ادھر لاہور دھماکے بعد وزارت داخلہ نے صوبوں اور سیکیورٹی اداروں کو ہدایت نامہ جاری کردیا، دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے متعلقہ ادارے الرٹ رہیں ، وزیر داخلہ شیخ رشید کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے صوبوں کو سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کر دی ہے ، وزارت داخلہ کی جانب سے چیف سیکریٹریز ،پولیس ،رینجرز اور ایف سی کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر سیکیورٹی کو فل پروف بنایا جائے ، دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔ دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقہ انارکلی میں گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکے کے واقعہ میں مزید پیش رفت سامنے آئی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سانحہ انارکلی کے دونوں سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا ہے، جنہیں مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ، سانحہ انارکلی کے دونوں سہولت کاروں کو جمعہ کی صبح راوی روڈ سے حراست میں لیا گیا، جن سے تفتیش جاری ہے ، دونوں سہولت کاروں کی گرفتاری جائے وقوعہ کے گردونواح کے علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی بیک ٹریک کرنے پر عمل میں آئی ۔

سانحہ انارکلی کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کے مطابق انارکلی بم دھماکے میں ملک دشمن قوتیں ملوث پائی گئی ہیں، جن کے واضح ثبوت حاصل کر لئے گئے ہیں، جس کی روشنی میں سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سانحہ انارکلی کی تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے اسے پنجاب کے مختلف اضلاع تک پھیلا دیا ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں