کشمیر کا مسئلہ تحریک انصاف کے اسی دور میں حل ہوگا اورکشمیری عوام آزادی جیسی عظیم نعمت سے سرفراز ہونگے‘راجہ راشد حفیظ

تین مہینے پورے ہونے کو ہیں کہ بھارت نے کشمیری عوام پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے اور ان کا بیرونی دنیا سے تو کجا آپس میں بھی رابطہ منقطع ہوا پڑا ہے

منگل 22 اکتوبر 2019 13:19

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ تحریک انصاف کے اسی دور میں حل ہوگا اورکشمیری عوام آزادی جیسی عظیم نعمت سے سرفراز ہونگے ․دنیا کے تمام بڑے جمہوری اور انسانی حقوق کا دم بھرنے والے ملکوں سمیت عالمی برادری اور بالخصوص اقوام متحدہ انسانی آزادیوں کے حوالے سے اپنے ذمہ واجب الادا کشمیر کاقرض چکانے کیلئے کردار ادا کریں․ انہوں نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی ویمن یونیورسٹی سکستھ روڈ راولپنڈی میں طالبات کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ یک جہتی کے اظہار کیلئے منائی جانے والی ایک خصوصی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ․ اس موقع پر یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر عالیہ سہیل ، صاحبزادہ سلطاب احمد علی ، اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی ․ راجہ راشد حفیظ نے اپنے خطاب کے دوران ایک قرار داد بھی پیش کی جس میں بھارت سے مقبوضہ کشمیر میںظلم ، جبر اور بربریت کو ختم کرنے اور انسانی آزادیوں اور حقوق کا احترام کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور اقوام متحدہ سے کہا گیا کہ وہ اپنی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے ․تقریب میں شریک تمام شرکاء نے ہاتھ اٹھا کر قرارداد کی تائید کی اور اسے منظور کیا ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ قیام پاکستان سے آج اتنی شد ومد کے ساتھ دنیا پر مسئلہ کشمیر کی سنگینی اجاگر نہیں کی گئی جس طرح عمران خان نے یو این او میں اپنی تقریر کے دوران اس مسئلہ کو پیش کیا ․ عمران خان نے اسلام ، پاکستان اور کشمیر کا مقدمہ انتہائی جرات و بہادری اور دانشمندی کے ساتھ پیش کرکے اپنے آپ کو نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کا لیڈر منوا لیا ․ انہوں نے کہا کہ تین مہینے پورے ہونے کو ہیں کہ بھارت نے کشمیری عوام پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے اور ان کا بیرونی دنیا سے تو کجا آپس میں بھی رابطہ منقطع ہوا پڑا ہے ․ دنیا کو اس ظلم و جبر پر اپنی خاموشی کو توڑنا ہوگا اور کشمیری عوام کو ان کی حق دلوانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ راولپنڈی وہ واحد شہر ہے جہاں خواتین کی دو یونیورسٹیاں ہیں․ حکومت تعلیم کے فروغ اور معیار کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہے اور پورے ملک میں یکساں نظام تعلیم لا کر ہم طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ کریں گے ․ مدارس میں بھی سائنس و ٹیکنالوجی ، میڈیکل اور انجنئرنگ سمیت جدید علوم پڑھائیں جائیں گے ․ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر عالیہ سہیل نے راجہ راشد حفیظ کا شکریہ ادا کیا اور مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں حکومتی سطح پر ہونے والی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا -

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں