ضلعی انتظامیہ مری کا غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن شروع، متعدد عمارتیں مسمار

بدھ 17 اپریل 2024 17:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ مری نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ۔ آپریشن کے دوران متعدد عمارتوں کو مسمار کر دیا گیا۔ ڈی سی مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے اے ڈی سی آر مری کیپٹن (ر) قاسم اعجاز کے ہمراہ بینک روڈ کا دورہ کیا اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن مری، سول ڈیفنس اور دیگر محکموں کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈی سی مری نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر مری میں غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، کسی کو آپریشن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ مری میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کیا جائے گا، مختلف علاقوں میں تعینات انسپکٹر اور انفورسمنٹ انسپکٹر کی ذمہ داری ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کو فوری طور پر روکیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں