ڈاکوؤں سے مقابلہ کے دوران شہید ڈولفن اہلکار کی نماز جنازہ ادا، کمشنر راولپنڈی کی شرکت

منگل 30 اپریل 2024 19:36

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے مری روڈ راولپنڈی میں ڈاکوؤں سے مقابلہ کے دوران ڈولفن سکواڈ کے شہید اہلکار کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے لئے ایصال ثواب کی دعا کی۔نماز جنازہ پولیس لائن ہیڈکواٹر میں ادا کی گئی جس میں پاک آرمی، سول انتظامیہ اور لواحقین کے ساتھ پولیس افسران و جوانوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

پولیس کے چاق وچوبند دستوں نے شہید کانسٹیبل کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کانسٹیبل کا جسد خاکی سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقہ تھانہ چونترہ (ڈھولیال)روانہ کر دیا گیا۔ شہید کانسٹیبل اسماعیل رؤف نے سوگواران میں والدہ، بیوہ اور دو بیٹوں کو چھوڑا ہے۔

(جاری ہے)

شہیدکانسٹیبل اسماعیل رؤف گزشتہ روز مری روڈ پر نامعلوم کار سوار ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے جبکہ کانسٹیبل عاصم فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے۔

اس موقع پر ڈولفن اہلکار اسماعیل رؤف کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران جان کی پروا نہ کرتے ہوئے اپنے فرض کو ادا کرنے والے اہلکار ہی ہمارے اصل ہیرو ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام کے لئے ڈولفن اہلکار اسماعیل رؤف کی لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں