سرکاری اداروں کو اپنی تمام ڈاک پاکستان پوسٹ کے ذریعے بھجوانے کا پابند کیا گیا ہے، پوسٹ ماسٹر جنرل پنجاب

بدھ 17 جولائی 2019 17:12

سرگو دھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) پوسٹ ماسٹر جنرل پنجاب خالد اویس رانجھاء نے کہا ہے کہ پوسٹ ایکٹ میں ترمیم کا عمل شروع ہو چکا ہے، حکومت نے عوام الناس کو ڈاک کی بہترین سروس فراہم کرنے کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں اور سرکاری اداروں کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ اپنی تمام تر ڈاک پاکستان پوسٹ کے ذریعے بھجوائیں ۔

پاکستان پوسٹ نے ہنڈی کے کاروبار کی روک تھام کے لئے نیشنل بینک آف پاکستان کے اشتراک سے ایک ملک دوست منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت بیرون ِممالک میں کام کرنے والے پاکستانی اپنی رقوم بغیر کسی کٹوتی کے اپنے پیاروں تک بھجوا رہے ہیں، نوجوانوں کو اپنا کا روبار شروع کرنے کے لئے پاکستان پوسٹ نے انقلابی سکیم متعارف کروائی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کااظہار انہوں نے جنرل پوسٹ آفس سرگودہا کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر چیف پوسٹ ماسٹر چوہدری فیاض احمد میکن، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ مہر کلیم لک، سینئر پوسٹ ماسٹر شاہد رضا اعوان اور اے ایس نعمان حبیب بھی موجود تھے ۔ پوسٹ ماسٹر جنرل پنجاب نے بتایا کہ پاکستان پوسٹ صارفین کو انشورنس کے ساتھ ساتھ چھوٹے کاروبار شروع کرنے کے لئے بھر پور معاونت کر رہا ہے اور اس ضمن میں حوصلہ افزا نتائج حاصل ہو ئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ متوسط طبقہ کے لئے سمال سیونگ پروگرام کو بھی عوام میں بھر پور پذیرائی ملی ہے اور اب تک لاکھوں صارفین پاکستان پوسٹ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس سہولت سے بھر پور فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کے اشتراک سے ایک پائلٹ منصوبہ بھی شروع کیا گیا ہے جس میں نادرا پندرہ ہزار آؤٹ لک میں پاکستان پوسٹ کی سہولیات کی فراہمی شروع کر دی گئی ہیں، ملک بھر میں قائم تمام 12ﷺہزار ڈاکخانوں میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کروا کر ان کے آپس میں انٹر لنک قائم کئے جا رہے ہیں تاکہ صارفین کو بہتر اور تیز ترین سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستا ن پوسٹ میں 30فیصد آسامیاں خالی ہونے کے باوجود کارکردگی میں کوئی کمی نہیں آئی اور گزشتہ مالی سال میں مقرر کئے گئے ریونیو اہداف کو باآسانی حاصل کیاگیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رواں سال پاکستان پوسٹ ریونیو میں ریکارڈ وصولی کرے گا ۔ خالد اویس رانجھا نے کہاکہ پاکستان پوسٹ کے ملازمین کی کارکردگی اور شکایات کے ازالے کیلئے ہیلپ لائن، ایس ایم ایس سروس اور تحریری درخواستوں کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں ، اسی طرح سٹیزن پوسٹل پر آنے والی شکایات کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجاتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پوسٹ اپنے صارفین کو کم ریٹس میں یونیفارم سروسز فراہم کر رہاہے، اسی طرح حکومت کے غربت مکاؤ پروگرام میں بھی شراکت داری کرتے ہوئے احساس پروگرام کے ذریعے غریب اور مستحق افراد تک مالی امداد پہنچانے کے لئے سرگرم عمل ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان پوسٹ 15 لاکھ پنشنرز کو ماہانہ پنشن کی سہولت فراہم کر رہاہے ۔

انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ ایک محب وطن پاکستانی ہونے کی حیثیت سے اپنی تمام تر خط وکتابت او ردیگر سہولیات کے لئے پاکستان پوسٹ سے رابطہ کریں ۔ اس موقع پر چیف پوسٹ ماسٹر چوہدری فیاض احمد میکن نے میڈیا کو سرگودہا ریجن کی کارکردگی بارے بریفنگ بھی دی ۔ بعدازاں پوسٹ ماسٹر جنرل پنجاب خالد اویس رانجھا نے جی پی او کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں