کمشنر سرگودھا کی زیرِ صدارت میونسپل کارپوریشن کا اجلاس، 5 ریکوری اہلکار معطل

بدھ 17 اپریل 2024 17:27

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سرگودھا محمد اجمل بھٹی کی زیرِ صدارت میونسپل کارپوریشن کی تمام برانچوں کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں انہوں نے محکمانہ واجبات کی وصولی میں ناقص کارکردگی پر 5 ریکوری اہلکاروں کو معطل کردیا اور تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال اسی طرح رہی تو اکاؤنٹنٹ کو سرینڈر کر دیا جائے گا۔

انہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر 2 ریکوری اہلکاروں کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے اور 1 کی ترقی کا حکم دیا۔کمشنر نے پانی و سیوریج کے بلز ادا نہ کرنے والے صارفین کے کنکشن منقطع کرنے، غیر قانونی تعمیرات و کنکشن کرنے والوں کے خلاف ضابطہ کی کارروائی کرنے اور ان کے خلاف مقدمات درج کروانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہر بلڈنگ انسپکٹر کی انفرادی کارکردگی رپورٹ بھی طلب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ناقص کارکردگی کے حامل بلڈنگ و رینٹ انسپکٹرز کو بھی سرینڈر کر دیا جائے گا۔

کمشنر نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کو ایک بار پھر بھرپور انداز میں شروع کرنے کے ساتھ شہر سے مویشیوں کے انخلا کے لیے ایم او ریگولیشن کو ٹائم لائن دینے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ فٹ پاتھ پر تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔ اسی طرح دکانوں کے سامنے لگے چھجے،ترچھے اور غیر منظور شدہ اشتہاری بورڈ فوری ہٹانے کا حکم دیا۔

اجمل بھٹی نے وال چاکنگ کا فوری سد باب کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف ضابطہ کی کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بغیر اجازت کے گلیاں و سٹرکیں تورنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ اجلاس میں کمشنر و ایڈمنسٹریٹر نے ایم سی کی دکانوں کے کرایوں اور مختلف ٹھیکہ جات کی ریکوری کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ100 فیصد وصولی یقینی بنانےکے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی کے افسران و فیلڈ سٹاف کا ہر ہفتے اجلاس طلب کرکے ان کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا جس میں جزا و سزا کا تعین بھی کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں