کلاشنکوف سے حملہ کرنے اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں ڈیڑھ سالہ بچے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا

ہائوسنگ سوسائٹی کے مالک نے 3 کم سن بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کروایا، سب سے چھوٹے بچے کی عمر ڈیڑھ سال، اس سے بڑے کی 9 اور بڑے بچے کی عمر 12 سال ہے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 15 دسمبر 2019 16:48

کلاشنکوف سے حملہ کرنے اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں ڈیڑھ سالہ بچے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا
شیخوپورہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15دسمبر2019 ء) : کلاشنکوف سے حملہ کرنے کے الزام میں پولیس نے ڈیڑھ سالہ بچے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں پولیس نے ایک ہاوسنگ سوسائٹی کے مالک کی درخواست پر ڈیڑھ سالہ بچے پر کلاشنکوف سے حملہ کرنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایک ہائوسنگ سوسائٹی کے مالک نے 3 کم سن بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کروایا، سب سے چھوٹے بچے کی عمر ڈیڑھ سال، اس سے بڑے کی 9 اور بڑے بچے کی عمر 12 سال ہے۔

ڈیڑھ سالہ بچے پر کلاشنکوف رکھنے اور ہنگامہ آرائی کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ 9 سالہ بچے پر پستول اور 12 سالہ بچے پر ڈنڈے سے حملہ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے بچوں کے والد پر بھی پستول رکھنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے بچوں کے والد کا کہنا ہے کہ جب وہ ضمانت کیلئے عدالت گئے تو عدالت ڈیڑھ سالہ ملزم کو دیکھ کر حیران رہ گئی۔

متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک سوسائٹی میں پلاٹ خرید کر گھر بنایا تھا جہاں وہ رہائش پذیر ہیں لیکن سوسائٹی کے مالکان نے تاحال انہیں زمین کے کاغذات نہیں دیئے ہیں، وہ جب بھی کاغذات کا مطالبہ کرتے ہیں تو ان کو مقدمے میں الجھا دیا جاتا ہے۔ یہ اس نوعیت کا پہلا مقدمہ نہیں ہے اس سے قبل روان سال فروری میں کوئٹہ میں پولیس موبائل پر فائرنگ کا ایک مقدمہ ایک ڈھائی سالہ بچے کیخلاف درج کرلیا گیا تھا، ملزم بلال پردہشت گردی کی نو دفعات درج کی گئی تھیں۔

جبکہ اسی طرح کا ایک واقعہ شیخوپورہ میں ہی پہلے بھی پیش آیا تھا جب شیخوپورہ کے علاقے مانانوالہ میں دو فریقین کے درمیان زمین کا تنازع تھا اور مدعی پارٹی نے اپنے مخالف سعید اوراسکے دو سالہ بیٹے عاقب کے خلاف فائرنگ کا مقدمہ درج کروادیا تھا۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں