سیالکوٹ ،تحریک انصاف کی حکومت عوام کی امنگوں پر پورا اترے گی، سردار عثمان بزدار

وزیر اعلیٰ پنجاب کے اختیارات کو ضلع کی سطح پر منتقل کیا جائے گا،صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،مرالہ ہائیڈروپاور پراجیکٹ سے سالانہ38کروڑ16لاکھ روپے مالیت کی43.37گیگا واٹ بجلی کی پیداوار متوقع ہے،وزیر اعلی پنجا ب کا افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 5 نومبر 2018 21:48

سیالکوٹ ،تحریک انصاف کی حکومت عوام کی امنگوں پر پورا اترے گی، سردار عثمان بزدار
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 نومبر2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کی امنگوں پر پورا اترے گی، وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت اور ویژن کے مطابق موجودہ حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے میں کامیاب ہوگی بلکہ ملک حقیقی معنوں میں ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرے گی جس سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغازہوگا، وزیر اعلیٰ پنجاب کے اختیارات کو ضلع کی سطح پر منتقل کیا جائے گا اور تحریک انصاف کے ہر ایم پی اے کوعوام کے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ کے اختیارات حاصل ہونگے صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے بے گھر عوام کو گھردینے کا وعدہ پورا کریں گے جبکہ سستی اور وافر بجلی کی پیدوار پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرالہ ہائیڈروپاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہاکہ7.64میگا واٹ کی پیداواری صلاحیت کے حامل مرالہ ہائیڈروپاور پراجیکٹ سے سالانہ38کروڑ16لاکھ روپے مالیت کی43.37گیگا واٹ بجلی کی پیداوار متوقع ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب ماحول دوست پن بجلی کے مزیدپراجیکٹ شروع کرے گی اور ان منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیالکوٹ میں انڈسٹریل اکنامک زون کی تعمیر کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے کے ساتھ سیالکوٹ انڈسٹریل اکنامک زون تعمیر کیا جائے گاجس سے سیالکوٹ کی برآمدات 2ارب ڈالر سے بڑھ کر 5 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے جس سے ملک کو قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا اور عوام کو روزگار کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے سیالکوٹ مرالہ روڈ کی از تعمیر نوتعمیر جبکہ سیالکوٹ پسرور روڈ کی فوری مرمت کے احکامات جاری کئے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا منصب سنبھالنے کے بعد میرا پہلا دورہ سیالکوٹ کا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ میں عوامی مسائل کے حل کیلئے ڈویڑن اور ضلعی سطح پر جلد دوروں کا آغاز کریں گے اور دوبارہ سیالکوٹ آئیں گے۔ انہوں نے آج کے دورے کا مقصد عوامی نمائندوں اور میڈیا کے نمائندگان سے ملاقات کرکے مسائل جاننا ہے اور ان کے حل کیلئے لائحہ عمل تشکیل دینا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکہا مرالہ ہائیڈروپاور پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ مرالہ ہائیڈروپاور پراجیکٹ کی تکمیل پر3ارب 97کروڑ 23لاکھ روپے لاگت آئی۔ انہوں نے منصوبہ تعمیر کرنے والے چائینز کمپنی سائنو ٹیک کے ماہرین کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاور پراجیکٹ سے پیدا ہونے والی بجلی نپرا کے منظور شدہ ٹیرف 8.7997 Rs/kWhکے حساب سے گیپکو کو فروخت کرنے کیلئے فیڈرل حکومت سے ایگریمنٹ کیا جائے گا۔ تقریب سے صوبائی وزیر انرجی ڈاکٹر محمد اختر ملک نے وزیر اعلیٰ پنجاب کوخطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ ماضی کی حکومتوں کی ترجیحات میں یہ منصوبہ شامل نہ تھا اور یہ وجہ ہے کہ اس منصوبے کو مکمل ہوتے ہوتے 11سال بیت گئے اور منصوبے کی لاگت میں بے پناہ اضافہ سے خزایہ کو نقصان ہوا۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے جن منصوبوں سے کک بیک ملتے تھے ان کو چند ماہ کی قلیل مدت میں مکمل ہوجاتے تھے۔جب ہماری حکومت اقتدار میں آئی تو انڈسٹری بند ملی اور 30اور32ہزار میگا واٹ بجلی کی پیدوار کی دہائی دینے والوں کو اس بات کا علم نہیں اگر پوری انڈسٹری کیلئے 65ہزار میگا واٹ بجلی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پن بجلی کے مزید پراجیکٹ لگائے جائیں گے جس سے ماحول دوست اور سستی بجلی کی پیدوار ہوگی سے ملکی ضروریات پوری ہونگی۔

انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ ملک کو قیمتی زرمبادلہ کما کردیتا ہے اگر یہاں انڈسٹری کے مسائل حل کئے جائیں تو برآمدات میں اضافہ ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ قبل ازیں سیکرٹر انرجی پنجاب محمد عامر جان نے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کو بتایا کہ ایشن ڈویلپمنٹ بنک کے تعاون سے صوبہ پنجاب میں انرجی کے 5منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں سے سیالکوٹ اور پاکپتن کے منصوبے مکمل کرکے فنکشنل کردیئے گئے ہیں جبکہ چیانوالی اور ڈیک آؤٹ فال (شیخوپورہ) کے منصوبے اگلے سال کے اختتام تک مکمل کرلئے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ اکاڑہ کا منصوبہ شروع نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے 20میگا واٹ کی کلین انرجی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد عثمان بزدار نے مرالہ ہائیڈروپاور پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا اس موقع پر چائنز ماہرین سے ملاقات کی۔

صوبائی وزیر انرجی پنجاب ڈاکٹر محمد اختر ملک ، صوبائی وزیر خصوصی تعلیم چودھری محمد اخلاق ، چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام عثمان ڈا،سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، بریگیڈئیر (ر) اسلم گھمن، صدر سنٹر صوبہ پنجاب (پی ٹی آئی ) عمر ڈار، سیکرٹری انرجی محمد عامر جان، کمشنر گوجرانوالہ ڈویڑن اسد اللہ فیض ، آر پی او محمد طارق قریشی ، ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو ، ڈی پی او عبدالغفار قیصرانی ، اراکین صوبائی اسمبلی باؤ رضوان، سید ہ فرح اعظمی اورمومنہ وحید،سابق ضلع ناظم محمداکمل چیمہ اور چیئرمین سیال کے علاوہ پی ٹی آئی کے مقامی عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں