این اے 71 سیالکوٹ کے بڑے ٹاکر ے میں خواجہ آصف نے ریحانہ ڈار کو شکست دیدی

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق خواجہ آصف کو ایک لاکھ 18ہزار ووٹ جبکہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کی حمایت یافتہ امیدوار ریحانہ امیتاز ڈار کو1لاکھ 2ہزار ووٹ ملے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 9 فروری 2024 16:27

این اے 71 سیالکوٹ کے بڑے ٹاکر ے میں خواجہ آصف نے ریحانہ ڈار کو شکست دیدی
سیالکوٹ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 فروری2024 ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 71 سیالکوٹ کے بڑے ٹاکر ے میں خواجہ آصف نے ریحانہ ڈار کو شکست دیدی ،غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 71میں خواجہ آصف نے ایک لاکھ18ہزار ووٹ لئے جبکہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کی حمایت یافتہ امیدوار ریحانہ امیتاز ڈار کو1لاکھ 2ہزار ووٹ ملے ۔این اے 71 میں کل پولنگ سٹیشنز کی تعداد358تھی جبکہ انتخابی حلقے میں ووٹروں کی کل تعداد577281 تھی جس میں مرد ووٹرزکی تعداد305`133اور خواتین ووٹرز کی تعداد272`148 تھی۔

این اے 71میں251`371 ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ووٹوں کی شرح 43.54 رہی۔خیال رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات کے بعد انتخابی نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور اس الیکشن میں کئی نامور سیاستدانوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کے اب تک کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے 73، مسلم لیگ (ن) نے 48 اور پیپلزپارٹی نے 35 نشستیں جیتی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور سینئر نائب صدر مریم نواز، پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی، مراد علی شاہ اور نفیسہ شاہ کامیاب ہو گئے، جبکہ شیخ روحیل اصغر، عابد شیر علی، جہانگیر ترین اور پرویز خٹک ہار گئے ہیں۔غیر حتمی وغیرسرکاری نتائج کے مطابق این اے 130 سے نوازشریف ایک لاکھ 71 ہزار 24 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، آزاد امیدواریاسمین راشد ایک لاکھ 15 پزار ووٹ کے کر دوسرے نمبرپر ہیں۔

این اے 123 لاہورسے مسلم لیگ ن کے میاں شہباز شریف 63953 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ آزاد امیدوارافضال عظیم 48486 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پررہے۔این اے 196 قمبرشھدادکوٹ سے پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو زرداری نے 85370 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کرلی جبکہ مد مقابل جمعیت علماءاسلام کے مولانا ناصرمحمود سومرو نے 34499 ووٹ حاصل کئے۔اسی طرح این اے 119 لاہورسے مسلم لیگ ن کی مریم نواز نے83 ہزار855 ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوارشہزاد فاروق 68 ہزار376 ووٹو کے ساتھ دوسرے نمبرپررہے اور این اے118لاہورسے مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز105,960ووٹ لےکر جیت گئے جبکہ عالیہ حمزہ آزاد امیدوار 100,803 ووٹ لئے۔

این اے 76 نارووال سے مسلم لیگ ن کے امیدواراحسن اقبال 136270 ووٹوں سے کامیاب ہو گئے جبکہ مدمقابل آزاد امیدوار کرنل(ر) جاوید صفدرکاہلوں 109309 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبرپر رہے جبکہ این اے 127 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار عطا تارڑ نے 98210 ووٹ لے کرکامیابی حاصل کرلی، جبکہ مدمقابل پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹوزرداری 15005ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔این اے 15 مانسہرہ سے آزاد امیدوارشہزادہ گشتاسپ خان 105،246 ووٹ لے کر کامیاب یو گئے جبکہ نوازشریف نے 80382 ووٹ حاصل کئے۔این اے 22مردان ٹو آزاد امیدوار عاطف خان ایک لاکھ 14748 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ اے این پی امیر حیدر ہوتی66159 لے کر دوسرے نمبر پرآئے۔ 

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں