علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کی ری ویمپنگ کا منصوبہ 15 جون تک مکمل کر لیا جائے گا، سیکرٹری ہیلتھ پنجاب

منگل 16 اپریل 2024 20:11

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) سیکرٹری ہیلتھ پنجاب علی جان خان نے کہا ہے کہ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کی ری ویمپنگ کا منصوبہ 15 جون تک مکمل کر لیا جائے گا، جاری منصوبے کا 75 فیصد تعمیرات کام مکمل ہوچکا ہے جس پر 51 کروڑ 70 لاکھ روپے لاگت آئی ہے جبکہ منصوبے کا مجموعی تخمینہ لاگت 80 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

400 بستروں پر مشتمل ہسپتال کی پرانی عمارت کے ایڈمن آفیسر، او پی ڈیز، وارڈز، فارمیسی، لیبارٹریز، گزر گاہوں اور واش رومز میں از سر نو ٹائلز لگائی گئی ہیں، تمام پرانی وائرنگ کو تبدیل کر دیا گیا ہے اور چھتوں کی سیلنگ کے علاوہ دیگر بنیادی سہولیات کو بھی بہتر کیا گیا ہے۔ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب علی جان خان نے کہا ہے کہ صوبے کے پرانے ہسپتالوں کی ایک ہی طرز پر ری ویمپنگ کی جارہی ہے اور یونیفارم ٹائلز، لائٹس اور دیگر آلات و سامان کی تنصیب کی جا رہی ہے جس کا مقصد کوالٹی کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر موجود بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ کام کی رفتار کو بڑھائیں اور مقررہ ٹائم لائن سے قبل ہی منصوبہ مکمل کرکے ہسپتال انتظامیہ کے سپرد کیا جائے تاکہ بلاتاخیر ہسپتال میں فل کپیسٹی پر طبی سہولیات کی فراہمی کی سرگرمیوں کو بحال کیا جاسکے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے بتایا کہ ہسپتال کی ری ویمپنگ کے منصوبے پر کام کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جاتا ہے۔ ایم ایس ڈاکٹر رانا الیاس، ایس ڈی او بلڈنگ چوہدری اعجاز اور وائس پرنسپل خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج ڈاکٹر عبد الستار بھی اس موقع پر یہاں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں