وزیراعظم عمران خان ہر پاکستانی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے کوشاں ہیں،

ماضی کے حکمرانوں نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں پھنسایا، عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور کا سکردو میں جلسہ سے خطاب

جمعہ 4 اکتوبر 2019 16:21

وزیراعظم عمران خان ہر پاکستانی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے کوشاں ہیں،
سکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ہر پاکستانی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے کوشاں ہیں، ماضی کے حکمرانوں نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں پھنسایا اور عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا، گلگت بلتستان کے عوام کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں، سیاحت اور معدنیات گلگت بلتستان کے لئے قدرت کا عطیہ ہے جسے بروئے کار لا کر یہاں کی محرومیوں کا ازالہ کیا جا سکتا ہے، گلگت بلتستان کے عوام کو ایک عالمی معیار کی یونیورسٹی دیں گے اور تمام تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکردو میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکردو کے عوام کی مشکلات کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہوں اور یہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم کے میدان میں انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے ثمرات آئندہ پانچ سالوں میں دکھائی دیں گے اور کوئی گلگت بلتستان کا کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔

سکولوں کو بہترین سہولیات سے آراستہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور انہیں روزگار کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے انتخابی منشور کا حصہ ہے جس کو پورا کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بہتری اور ملکی استحکام پاکستان تحریک انصاف کے ایجنڈے کا بنیادی ستون ہے جس کے لئے ہماری حکومت دن رات کوشاں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ ملک میں عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہو اور کوئی عوامی پیسہ لوٹ نہ سکے۔ ہر مرد وخواتین کو یکساں انصاف میسر آئے اور جو وعدے ہم کر رہے ہیں وہ ضرور پورے کریں گے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا ماضی کے حکمران نہیں چاہتے تھے کہ آپ کے بچے انجینئر اور ڈاکٹر بنیں، ہم یہاں عالمی معیار کی یورنیورسٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں توانائی پید اکرنے کے وسائل موجود ہیں لیکن یہاں کے عوام کو بجلی کی سہولت سے محروم رکھا گیا۔ موجودہ حکومت گلگت بلتستان کے عوام کے لئے بجلی کے منصوبے لگائے گی جس کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان خلوص نیت کے ساتھ آپ کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اور آپ کو مایوس نہیں کریں گے۔ ماضی کے یہاں کے منتخب نمائندوں نے آپ کے علاقے کو وہ سہولیات فراہم نہیں کیں جو آپ کا بنیادی حق تھا اور یہاں کے عوام کو بنیادی حقوق دلائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان نے کہاکہ موجودہ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے سکردو کے عوام بھی سی پیک سے مستفید ہوں گے اور اس علاقے میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت اور معدنیات کے ذخائر سے مالا مال خطے کو محروم نہیں رہنے دیں گے اور انہیں تمام بنیادی سہولیات فراہم کرکے دم لیںگے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے عہدیداروں اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی جبکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد ، سیاسی کارکنوں اور عوام علاقہ کی کثیر تعداد نے جلسہ عام میں شرکت کی۔

سکردو میں شائع ہونے والی مزید خبریں