ملک بھر کی طرح بلتستان کے چاروں اضلاع میں یوم آزادی پاکستان قومی جذبے سے منایا گیا

منگل 14 اگست 2018 23:10

سکردو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) ملک بھر کی طرح بلتستان کے چاروں اضلاع میں یوم آزادی پاکستان پورے قومی جذبے سے منایا گیا ۔ اس سلسلے میں بلتستان کے چاروں اضلاع کے ضلعی ہیڈ کواٹرز میں پرچم کشائی اور تمام اضلاع کے کالجوں اور سکولوں میں یوم آزادی پاکستان کی رنگارنگ تقریبات منعقد ہوئیں ۔ مختلف سکولوں میں یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے تقریری اور ملی نغموں کے شاندار مقابلے بھی ہوئے ۔

سکردو میں سب سے اہم تقریب یادگار شہدا میں ہوئی جہاں سنیئر صوبائی وزیر حاجی محمد اکبر تابان اور کمشنر بلتستان نے پرچم کشائی کی اور یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قانون ساز اسمبلی کے سپیکر حاجی فدا محمد ناشاد نے کہا کہ یوم آزادی پاکستا ن کو تجدید عہد کے طور پر منانے کی ضرور ت ہے، پاکستان کو آزاد کرانے میں برصغیر کے مسلم اکابرین نے مسلسل جہدو جہد کے بعد اس ملک کو آزاد کرایا تھا اور آج ہم سب کو آزادی کی نعمت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان کے عوام کو یوم آزادی پاکستان زیادہ جوش و خروش سے منانے کی ضرورت ہے کیونکہ ان علاقوں کے عوام نے خود ڈوگرہ سامراج سے جنگ لڑکر خطے کو آزاد کرایا اور ہمیشہ کے لیے مملکت خداد پاکستان سے اپنی قسمت کو وابستہ کیا۔ انہوں نے یوم آزادی پاکستان کو نہایت شاندار طریقے سے پروگرام کو ترتیب دیا جس کے لیے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ مبارک باد کی مسحتق ہے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنیئر صوبائی وزیر حاجی محمد اکبر تابان نے کہا کہ یوم آزادی پاکستان کو بہتر انداز میں منانے کا بہر طریقہ یہ ہے کہ اہم سب جس شعبے سے بھی وابستہ ہوں ہم اپنی زمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں اور غریب عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔ ملک اور علاقے سے کرپشن اور دیگر سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے ملکر جہدو جہد کریں، ملک اور علاقے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اپنا حق ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے بھی جنگ آزادی پاکستان میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے علاقے میں حالیہ دھشت گردی کے واقعات کے حوالے سے محکمہ پولیس کے جوانوں کی شاندار قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ گلگت بلتستان کی پولیس نے دھشت گردی کی جنگ میں شاندار خدمات انجام دی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر بلتستان حمزہ سالک نے کہ آج کی شاندار تقریب اور عوام کا جوش و جذبہ اس بات کا واضع ثبوت ہے کہ علاقے کے عوام مملکت خداد پاکستان سے بے حد محبت کرتے ہیں اور دشمنوں کے لیے واضع پیغام ہے کہ بلتستان کا بچہ بچہ وطن عزیز کے لیے ہرقسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔

جشن آزادی پاکستان جس جوش اور ولولے سے ان علاقوں میں منایا جارہا ہے اس کی نظیر نہیں ملتی ۔ تقریب میں سکولوں کے بچوں نے شاندار ملی نغمے پیش کئے اور علاقائی دھن میں شاندار رقص بھی پیش کیا۔ جشن آزادی پاکستان کے حوالے سی14 اگست کی صبح تمام مساجدمیں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام نے نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی ،خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کیں اور امت مسلمہ کے مابین اتفاق، اتحاد اور بھائی چارگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

بوائز ڈگر ی کالج سکردو، خواتین کالج سکردو اور آرمی پبلیک سکول و کالج سکردو میں شاندار یوم آزادی کی تقریبات منعقد ہوئیں ۔ بزم علم و فن سکردو کی طرف سے ایوان اقبال میں بھی نذر وطن کے حوالے سے کل پاکستان محفل مشاعرہ ہوا۔یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے مقپوں پولو گرونڈ سکردو میں شاندار پولو میچ کا انعقاد کیا گیا ۔ پولو میچ کے دوران علاقائی ، ثقافتی کلچرل پروگرموں کا انعقاد کیا گیا ۔

میچ شروع ہونے سے قبل مقپون پولو گراونڈ میں نیزہ بازی کے شاندار مقابلے بھی ہوئے ۔ جشن آزادی کے حوالے سے تمام سرکاری اور نیم سرکاری عمارتوں میں سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا اور رات کو زبردست چراغاں بھی کیا گیا۔ پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے میونسپل گراونڈ سکردو میں تیسرے روز بھی نمائش جاری ہے جہاں لوگوں کی بڑی تعداد نمائش کو دیکھ رہے ہیں ۔ جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے بلتستان کے چاروں اضلاع میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔

سکردو میں شائع ہونے والی مزید خبریں