شوہر نے بیوی اور سسر کو قتل کرکے خودکشی کرلی

گل محمد نامی شخص ناراض بیوی کو منانے سسرال گیا، بیوی نہ مانی تو طیش میں آ کر فائرنگ کردی

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 13 دسمبر 2020 15:47

شوہر نے بیوی اور سسر کو قتل کرکے خودکشی کرلی
مینگورہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 13 دسمبر2020ء) سوات کے علاقے مینگورہ میں شوہر نے بیوی اور سسر کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اہلیہ اور سسر کو قتل کرنے کا واقعہ خیبرپختونخوا کی وادی سوات میں پیش آیا، جہاں ایک شخص نے گھریلو ناچاقی پر ناراض ہو کر میکے گئی بیوی اور سسر کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق قتل کی یہ لرزہ خیز واردات مینگورہ میں رونما ہوئی، قاتل نے بیوی اور سسر کو قتل کرنے کے بعد خود بھی خودکشی کرلی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گل محمد اپنی روٹھی بیوی کو منانے سسرال گیا تھا لیکن بیوی نے راضی ہونے سے انکار کرتے ہوئے شوہر کے ساتھ جانے سے انکار کردیا۔ بیوی کے انکار پر گل محمد طیش میں آگیا اور اہلیہ اور سسرالیوں پر فائرنگ کردی۔ جس کے بعد گل محمد نے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کردیا۔

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں