پی ڈی ایم کی تحریک پوری قوم کے امنگوں کی ترجمانی ہے،مو لانا محمود شاہ

نااہل مسلط حکمرانوں سے چھٹکارا صرف سیاسی جماعتوں کا نہیں بلکہ مہنگائی اور معاشی بدحالی کے ہاتھوں پریشان عوام کا بیانیہ بن چکا ہے، رہنما جے یو آئی

بدھ 14 اکتوبر 2020 23:55

سوراب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2020ء) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری رکن قومی اسمبلی مولانا سید محمود شاہ نے کہاہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک پوری قوم کے امنگوں کی ترجمانی ہے، نااہل مسلط حکمرانوں سے چھٹکارا صرف سیاسی جماعتوں کا نہیں بلکہ مہنگائی اور معاشی بدحالی کے ہاتھوں پریشان عوام کا بیانیہ بن چکا ہے، 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں منعقدہ جلسہ عام نااہل حکمرانوں کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا، قوم کے ردعمل سے خوفزدہ حکمران ٹولہ پی ڈی ایم کے خلاف جرائم پیشہ، اسمگلرز اور بدعنوانی میں ملوث افراد کو اکٹھا کرکے اپنی حواس باختگی چھپانے کی تگ و دو کررہے ہیں جس میں انہیں بری طرح شکست ہوئی ہے، صوبے کے مختلف علاقوں میں حقیقی سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں جعلی حکومت کو بچانے کے لئے جعلی عوامی قوت کا مظاہرہ کرنے کی جو ناکام کوشش کی گئی اسے صوبے کی غیور عوام مسترد کرچکی ہے، جن افراد کو قومی سطح کے قائدین کے خلاف زبان درازی کے لئے استعمال کیاجارہا ہے بدقسمتی سے ان کی اصلیت اور کرتوتوں سے وہاں کی عوام پہلے سے ہی آگاہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب سوراب کے صحافیوں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا، رکن قومی اسمبلی مولانا سید محمود شاہ کا کہنا تھا کہ قوم نااہل حکمرانوں ٹولہ سے عاجز آچکی ہے بدترین مہنگائی نے ایک عام غریب انسان سے زندہ رہنے کا حق چھین چکی ہے، معاشی بدحالی کی وجہ سے لوگ خودکشی کرنے پر مجبور ہیں، معیشت کا پہیہ جام ہوچکا ہے ملک میں ہر طرف افراتفری اور ایک غیر یقینی کیفیت ہے اس صورتحال میں اپوزیشن جماعتیں قوم کے امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے میدان میں نکلنے کا جو فیصلہ کرچکی ہیں اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا، پی ڈی ایم کی یہ تحریک ان شاء اللہ نااہل حکمرانوں کو بہاکر لے جائے گی، تحریک کے آغاز سے قبل ہی حکمران ٹولہ کی چیخیں نکل رہی ہیں اور وہ حواس باختگی کا شکار ہوچکا ہے، پی ڈی ایم کی پشت پر کھڑی قوم اب ہر صورت ان نااہل حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتی ہے، قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں اٹھنے والی تحریک عمران خان کی ناجائز حکومت کی اختتام پر ہی ختم ہو گی، ملک کے دیگر حصوں کی طرح بلوچستان کی غیور عوام بھی پی ڈی ایم کی تحریک کی کامیابی کے لیے پرعزم ہے،کوئٹہ میں ہونے والے جلسہ عام کے سلسلے جمعیت علمائے اسلام سمیت تمام شامل جماعتیں بھرپور تیاریوں کا آغاز کرچکی ہیں، 25 اکتوبر کو صوبے کے تمام علاقوں سے ایک عوامی سیلاب کا رخ کوئٹہ کی طرف ہوگا، میدان سج چکا ہے اب ان شاء اللہ سلیکٹیڈ حکمران ٹولہ سے نجات حاصل کئے بغیر کسی قیمت پر یہ تحریک نہیں رکے گی۔

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں