ٹنڈو الہ یار ،انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیاگیا

جمعرات 13 اگست 2020 23:41

ٹنڈوالہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2020ء) ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہ یار رشید احمد زرداری نے ضلع ٹنڈوالہیار میں کرونا وائرس کے باعث ملتوی کردہ انسداد پولیو مہم جو کے 4 ماہ بعد دوبارہ آج سے سول اسپتال ٹنڈوالہیار میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ انسداد پولیو مہم جو کے 15 سے 17اگست 2020ء تک چلائی جائے گی۔

اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیار رشید احمد زرداری نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے انسداد پولیو مہم مارچ 2020 ء سے روک دی گئی تھی جو کہ 15اگست 2020 ء سے شروع کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری تمام اہلیان ٹنڈوالہ یار سے گزارش ہے کہ وہ اپنے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں کیونکہ پولیو کے دو قطرے ہمارا محفوظ مستقبل ہے اور ایک محفوظ پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ ہمارے تمام مکاتب فکر کے لوگ اس میں آگے آئیں ہماری سول سوسائٹی ہماری این جی اوز اور جتنے بھی شہری ہیں وہ اپنے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو کے دو قطرے ضرور پلائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ صحت کے افسران، ڈاکٹرز اور فیلڈ کے عملے کو ہدایت کی کہ سندھ حکومت کی جانب سے مقرر کی گئی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرتے ہوئے انسداد پولیو مہم کے دوران گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کی بیماری سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پانچ سال اور اس سے کم عمرکا کوئی بچہ قطرے پلانے سے رہ نہ جائے اور تمام وسائل بروئے کار لا کر اس مہم کو مکمل طور پر کامیاب بنایا جائے اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برتنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں