مفاد پرست ٹولہ عوام کے شکنجے میں آچکا ہے، احتساب کریں گے،راشد سومرو

میرٹ کا قتل عام کیا گیا ، سندھ کا نوجوان مایوس ہورہا ہے،سندھ میں جنگ نہیں ہے لیکن حکمرانوں نے غزہ جیسی حالت بنادی ہے ، مولانا ہالیجوی اسلم غوری ودیگر کا امن مارچ کارواں سے خطاب

پیر 30 اکتوبر 2023 22:10

ٹنڈو محمد خان /ٹنڈوالہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2023ء) جمعیت علمائے اسلام سندھ کی جانب سے جاری 12 روزہ سندھ امن مارچ کا قافلہ نویں روز ماتلی سے ضلع ٹنڈو محمد خان سے گزرتا ہوا ٹنڈو اللہ یار پہنچ گیا ،چمبڑ ، شیخ بکھریو ، غلاب لغاری ٹنڈوالہ یار سمیت مختلف مقامات پر عوام کی جانب سے جے یوآئی کارواں کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور قائدین نے خطاب کیا ، قافلے کی قیادت جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو کر رہے ہیں ، قافلے میں مرکزی نائب امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی ، مرکزی ترجمان اسلم غوری ، عبدالرزاق عابد لاکھو ، مولانا عبداللہ سومرانی ، مولانا سعودافضل ہالیجوی ، حاجی عبدالمالک ٹالپر ، مولانا تاج محمد ناہیوں ، مولانا سمیع الحق سواتی ، آغا ایوب شاہ ، مولانا امین اللہ ، ودیگر ضلعی ذمہ داران شریک ہیں ، مختلف مقامات پر پھول نچھاور کر کے استقبال کیا گیا۔

(جاری ہے)

مختلف مقامات پر عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا راشد سومرو نے کہا کہ زرداری لیگ عوام کے شکنجے میں آچکی ہے، عوام اب احتساب کریں گے، سندھ کو اب مزید لوٹنے نہیں دیں گے ، سندھ میں سیکورٹی ،نکاسی ، سیلاب ، تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں میں اربوں روپے کے بجٹ ہڑپ کردئے گئے ،پولیس امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، ضلعی افسران کی تقرریاں او ر تبدیلیاں یہاں کے جاگیرداروں کی پسند اور نا پسند کی بنیاد پر کی جاتی ہیں، میونسپل کمیٹی کا اسٹاف تنخواہ سرکار سے لیتا ہے اور نوکری جاگیرداروں کے بنگلوں میں کرتے ہیں، عوام کی حالت زار پر کوئی رحم کرنے والا نہیں ، احتساب کے ادارے سب کچھ خاموشی سے دیکھ رہے ہیں، پندرہ سالوں میں پورے سندھ کو موہن جو دڑو بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی ہے، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو الہیار میں تعلیم اور صحت کی اربوں روپے کی بجٹ کہاں گئی ، یہاں تو نہ اسکولوں میں طلبا ہیں اور نہ سہولیات کا وجود ہے، ہسپتالوں میں کوئی علاج نہیں ہے، یہاں کے بچے اسکولوں سے محروم ہیں اور غریب مائیں ان ہسپتالوں میں بچوں کو جنم دے رہی ہیں جہاں خواتین اسٹاف تک میسر نہیں ،لیکن سندھ کو جاگیر سمجھ کر لوٹنے والوں میں نہ کوئی حیا ہے اور نہ ہی کوئی شرم ہے، علامہ راشد محمود سومرو نے اپنے خطاب میں کہا کہ اب عوام میں بیداری آچکی ہے، اب سندھ کے مستقبل کا فیصلہ سندھ کے عوام کریں گے، سندھ کا نوجوان اب نکلا ہے، سندھ کی مائیں اور بہنیں نکلی ہیں، اب انقلاب کا وقت قریب ہے،انہوں نے اپنے خطاب کے آخر میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے الیکشن میں سندھ کا نوجوان یہاں کے جاگیرداروں کا مقابلہ کریں گے ، اب زرداری لیگ بمقابلہ عوام ہوگا، وہ دن گئے جب ووٹ خریدے جاتے تھے ، اب یہ عوام اپنے ووٹ کی حفاظت خود کریں گے، انہوں نے کہا کہ 02 نومبر کو کراچی میں سندھ امن مارچ کا اختتام طوفان اقصی کانفرنس پر ہوگا ، طوفان اقصی تاریخ ساز کانفرنس ثابت ہوگی ، جبکہ۔

30 نومبر کو لاڑکانہ میں شھید اسلام کانفرنس ہوگی ، جس میں جے یو آئی سربراہ مولانافضل الرحمن سمیت دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے اور دیگر اتحادی جماعتوں کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔

ٹنڈو محمد خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں