محکمہ زراعت حکومت سندھ کاشتکاروں کو مشکل وقت میں ہر گز تنہا نہیں چھوڑے گی،صوبائی وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو

ہفتہ 28 ستمبر 2019 19:11

تھرپارکر۔مٹھی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2019ء) صوبائی وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت حکومت سندھ کاشتکاروں کو مشکل وقت میں ہر گز تنہا نہیں چھوڑے گی کیونکہ زراعت شعبہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اور سندھ میں کاشتکاروں کے فصلوں کو ٹڈی دل کے حملوں کے نقصانات سے بچانے کیلئے گذشتہ پانچ ماہ سے اسپرے کا کام جاری رکھے ہوئے ہے جو ابھی تک جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ڈپٹی کمشنر تھرپارکر ڈاکٹر شہزاد طاہر تھیم، ضلع کونسل چئیرمین ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو کے ہمراہ تحصیل چھاچھرو کے یونین کونسل مٹھڑیو چارن کے مختلف دیہاتوں جس میں علن آباد کے خمیسو پاڑو، کھانو کی ڈھانی، کھیاڑی سمیجا، جمعے کی ڈھانی، آچار کی ڈھانی، چھو، اکھے کی ڈھانی، کھونھانو حبیب، نورو کھانھانو، کھانھانو بھاون، جلال جو تڑ، رنچھے کی ڈھانی، کیتان بجیر، رانجھو پاڑو بجیر، عالم پاڑو اور دیگر مختلف دیہاتوں میں ٹڈی دل کے اسپرے کے کام کاجائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ ٹڈی دل اسپرے مہم کے حوالے سے سرویلینس ٹیمیں تشکیل دینے کے ساتھ ساتھ ایگریکلچر آفس حیدرآباد میں کنٹرول روم قائم کیا گیا جس کے ذریعے اسپرے کام کی نگرانی کی جا رہی ہے اور میں خود اس کام کی نگرانی کر رہا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ٹڈی دل اوپر اٴْڑنے کی حالت میں ہے جونہی نیچے سطح آنے پر کسی ایک جگہ پر جمع ہونے کے بعد اسپرے کیا جائیگا تاکہ وہ کسی اور علاقے میں منتقل نہ ہو سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت تک ضلع تھرپارکر میں 24ہزار ایکڑ زمین پر ٹڈی دل کے حملوں سے بچاؤ کیلئے اسپرے کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹڈی دل کے حملوں کی وجہ سے کہیں پر بھی بڑے پیمانے پر فصلوں کے نقصانات کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی اگر کہیں پر بھی ٹڈی دل کے حملوں کی وجہ سے کسی کاشتکار کے فصلوں کو زیادہ نقصان پہنچا ہے تو اس کی سروے کرائی جائیگی اور کاشتکار کی ہر ممکن مدد کی جائیگی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر زرعی تحقیق نور محمد بلوچ، اسٹنٹ کمشنر نور الدین ہنگورجو، پلانٹ پروٹیکشن کے محمد حسین درس، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن تھرپارکر ٹیکم داس، مختیار کار چھاچھرو غلام مصطفی کھوسو اور متعلقہ محکمے کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

تھرپارکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں