تھرواسیوں نے ٹڈیوں کے حملے کاانوکھاحل نکال لیا،کھیت کھانے والی ٹڈیوں کو تھر واسیوں نے اپنی ہی خوراک بنا ڈالا

ٹڈیوں کی بریانی اور کڑاہی گوشت بنایا جانے لگا۔ حیرت انگیز طور پر ان ڈشز کو کھانے کیلئے چھاچھرو کے ہوٹلوں پر لوگ دور دراز سے آنے لگے، نجی ٹی وی کی رپورٹ

منگل 1 اکتوبر 2019 14:14

تھرپارکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2019ء) تھرمیں فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے کا حل نکال لیاگیا،کھیت کھانے والی ٹڈیوں کو تھر واسیوں نے اپنی ہی خوراک بنا ڈالا۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چھوٹی چھوٹی ٹڈیوں کی بریانی اور کڑاہی گوشت بنایا جانے لگا۔ حیرت انگیز طور پر ان ڈشز کو کھانے کیلئے چھاچھرو کے ہوٹلوں پر لوگ دور دراز سے آنے لگے۔

یہ ڈشزمتعارف کروانے والوں کا کہنا ہے کہ لوگ ہمارے پاس انہیں کھانے شوق سے آتے ہیں۔ 200 سے 300 روپے میں ٹڈی کڑاہی چاولوں کے ساتھ دستیاب ہے جس کا ذائقہ مچھلی جیسا ہوتا ہے۔پکانے سے پہلے ٹڈیوں کو دھو کر ، دھوپ میں سکھا کر صاف کیا جاتا ہے پھر اسے دھیمی آنچ پربھونا جاتا ہے۔مزے دار ٹڈی ڈش اب مقامی افراد کی بھی پسندیدہ خوراک بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

اسے کھانے کیلئے آنے والوں کے مطابق ٹڈی دل کا گوشت بہت لذیزہوتا ہے جبکہ اس کی بریانی بھی انتہائی مزیدار ہے۔

تھرواسیوں کا کہنا ہے کہ دوسرے علاقے کے لوگوں کو بھی ٹڈی بریانی اور کڑاہی ضرور آزمانی چاہیے۔ مزہ نہ آئے تو پیسے واپس۔یاد رہے کہ چند ماہ قبل تھرپارکرسمیت سندھ کے دیگر علاقوں کے کسان ٹڈی دل کے حملے کے باعث اہنی فصلوں کی حفاظت کیلئے پریشان تھے۔ صوبائی حکومت نے فصلوں پر اسپرے کیلئے خصوصی فنڈ بھی جاری کیا تھا۔اس کے باوجود کوئی خاص حل نہ نکلنے پر یہاں کے رہائشیوں نے خود ہی اس مسئلے سے نمٹنے کی ٹھانی اور وٹامنز سے بھرپور ٹڈی کو خود کھانا شروع کردیا۔

متعلقہ عنوان :

تھرپارکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں