جامعہ تربت کی فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس کے زیر اہتمام قومی یوتھ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا

منگل 27 فروری 2024 18:09

تربت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2024ء) جامعہ تربت کی فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس کے زیر اہتمام اسکلزڈویلپمنٹ اور انٹرپرینیورشپ کے موضوع پرقومی یوتھ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا کانفرنس میں شعبہ مینجمنٹ سائنسز،شعبہ کامرس اور شعبہ اکنامکس کے طلبہ وطالبات نے شرکت کی اپنے صدارتی خطاب میں جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمدنے آج کی مسابقتی اور ابھرتی ہوئی مارکیٹ میں ڈگری اور سی جی پی اے کے مقابلے میں ہنراورقابلیت کی ضرورت واہمیت پر اظہارخیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف تربت نے گزرتے وقت کے ساتھ نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اب ہمارے پاس آئی ٹی کا بہتر انفراسٹرکچر اور اعلی تعلیم یافتہ فیکلٹی ممبران اور پروفیشنلزموجود ہیںایک خوشحال زندگی گزارنے کے لیے اسکلزاور انٹرپرینیورشپ کی اہمیت پرروشنی ڈالتے ہوئے وائس چانسلر نے طلبہ کو یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد سرکاری ملازمت تلاش کرنے کے بجائے اپناکاروبار اور کمپنیاں قائم کرنے کی ترغیب دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبہ وطالبات کو رہنمائی اور تعاون فراہم کرنے کا یونیورسٹی انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ فارغ التحصیل طلبا سرکاری ملازمت تلاش کرنے کے بجائے روزگار فراہم کرنے والے بن سکیں۔ وائس چانسلر نے طلبا کے مستقبل کو سنوارنے اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پرمنتظمین اور ریسورس پرسنز کی کاوششوں کو سراہا۔

اپنے ابتدائی کلمات میں فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس کے ڈین ڈاکٹر وسیم برکت نے کانفرنس کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے جاب مارکیٹ کی عصری ضروریات کے پیش نظر طلبا ء کی کامیابی کے لئے ان کو مطلوبہ اسکلز فراہم کرنے کی ضرورت پر زوردیاسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی [سمیڈا]کی نمائندگی کرتے ہوئے محمد اقبال بلوچ نے ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس میں سمیڈاکے مقاصد، کردار، خدمات اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی انہوں نے اپنا ک کاروبار شروع کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے سمیڈاکے پاس دستیاب وسائل ،فنڈنگ، فنانسنگ اور تکنیکی مددفراہم کرنے کے مواقع اورطریقہ کارکے بارے میں اظہاررخیال کیا کانفرنس کے دوران فیکلٹی ممبرملک دادنے کاروباری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی اسکلزکے بارے میں اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی کے ان کامیاب طلبا کی مثالیں پیش کیں جنہوں نے اپناکاروبار قائم کرکے کمانا شروع کردیاہے۔

یونیورسٹی کے سابق طالب علم اور کامیاب انٹرپرینیورمظفر شان نے بزنس کی دنیا میں اپنی کامیابیوں کو شرکا کے سامنے پیش کرکے ان کو متاثر کیا۔کانفرنس کے دوسرے حصے میں انٹرپرینیورشپ پر ایک پینل ڈسکشن بھی اہتمام کیاگیاتھا جس میں پینلسٹس فیکلٹی ممبران ڈاکٹر عبدالماجدناصر، ڈاکٹر غلام جان اورنوجوان انٹرپرینیور مظفر شان نے نئی نسل کی روشن مستقبل کے لئے ہنر ، انٹرپرینیورشپ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے ابھرتے ہوئے رجحانات پر روشنی ڈالی۔کانفرنس کی نظامت کے فرائض شعبہ اکنامکس کی لیکچرار ثمینہ فقیرنے اداکیں۔

تربت میں شائع ہونے والی مزید خبریں