خاندانی رنجش پر چچی نے 2 سالہ بچے کو قتل کردیا

والد کے ڈھونڈنے پر بچے کی لاش گھر کے قریبی کھیت سے ملی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 26 فروری 2022 11:08

وہاڑی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 فروری 2022ء) : وہاڑی میں 2 سال کے بچے کی قاتل اس کی چچی نکلی۔ پولیس کے مطابق 2 سالہ حسیب گزشتہ صبح کھیلتے ہوئے گھرسے باہرنکل گیا تھا، والد کے ڈھونڈنے پر بچے کی لاش گھر کے قریبی کھیت سے ملی تھی۔ پولیس کا کہنا ہےکہ قتل کی تحقیقات کی گئی تو معلوم ہوا کہ بچے کو اس کی چچی نے اپنے ماموں عابد کی مدد سے گلا دباکر قتل کیا اور لاش گھر کے قریب کھیت میں پھینک دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی کہ بچے کو خاندانی رنجش پر قتل کیا گیا ہے، واقعہ کے بعد ملزمہ اور اس کے ماموں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب لاہور کے علاقے رائیونڈ میں کمسن بچے نے چارپائی پر پیشاب کیا تو سوتیلا باپ طیش میں آگیا اور کمسن بچے کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پولیس نے ملزم اور بچے کی ماں کو گرفتار کرلیا۔

ایس پی انویسٹی گیشن صدر کا کہنا ہے کہ رائیونڈ میں تین سالہ بچے عباس نے پیشاب کیا تو ملزم غلام عباس طیش میں آگیا اور تشدد کرکے بچے کو مار دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم غلام عباس اور ماں سمیرا کو واقعے کے حقائق چھپانے پر گرفتار کرلیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔ ایک اور واقعہ میں پنجاب پولیس نے شوہر کو قتل کرنے الزام میں خاتون کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گھریلو جھگڑے پر رضیہ بی بی نامی خاتون نے اپنے شوہر کو تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کردیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ معمولی خاندانی رنجشوں پر قتل و غارت کے آئے روز کئی واقعات رپورٹ ہوتے ہیں جو افسوسناک ہیں۔

وہاڑی میں شائع ہونے والی مزید خبریں