وزیرآباد، نواحی موضع کولار میں قبروں کی کھدائی،قبروںسے مٹی نکال کر ٹرالی میں بھرکرہڈیوں سمیت نامعلوم مقام پر منتقل ،

منع کرنے والوںکو گالیاں اور جان سے ماردینے کی دھمکیاں،اہالیان دیہہ میں اشتعال، 20افراد کے خلاف مقدمہ درج

منگل 11 ستمبر 2018 21:51

وزیرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2018ء) نواحی موضع کولار میں قبروں کی کھدائی۔قبروںسے مٹی نکال کر ٹرالی میں بھرکرہڈیوں سمیت نامعلوم مقام پر منتقل ۔منع کرنے والوںکو گالیاں اور جان سے ماردینے کی دھمکیاں۔اہالیان دیہہ میں اشتعال۔ 20افراد کے خلاف مقدمہ درج۔تفصیلات کے مطابق موضع کولار میں گذشتہ رات با اثر افراد ہمایوں رضا، محمد اشرف، طاہر، عنائت اللہ ولد محمد بشیرساکنان دیہہ نے مشین کے ذریعے دیہہ کے قبرستان سے مٹی کھودنا شروع کر دی ۔

کھدائی کے دوران درجنوں قبریں تباہ کر دی گئیں اور مٹی سمیت مُردوں کی ہڈیا ں بھی ٹرالی میں بھر کر نا معلوم مقام پر منتقل کر دی گئیں۔کچھ راہ گیروں نے قبروں کی کھدائی اور بے حرمتی سے منع کیا تو موقع پر 15سے 20افراد نے سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے انہیں گالیاں دیں اور جان سے مار دینے کی دھمکی دے کر وہاں سے بھاگ جانے کا حکم دیا اور ماحول کو دہشت زدہ کر دیا۔

(جاری ہے)

منع کرنے والے نوجوانوں مسمیان شازب شہزاد ولد محمد افضل ، ندیم آصف ولد محمد اکرم اور شاہنواز نے پولیس کو مطلع کیا اور تحریری درخواست بھی دائر کر دی۔ صدر پولیس نے 15نامعلوم افرد سمیت 20افراد کے خلاف زیر دفعہ 297ت پ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔مشتعل اہالیان دیہہ نے قبرستان اور اپنے مدفون عزیزوں کی بیحرمتی پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قبرستان اور مُردوں کی بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے بصورت دیگر باقاعدہ احتجا ج کیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کے خلاف کار روائی کے ساتھ ساتھ قبرستان کی سابق صورت بحال کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

وزیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں