رمضان میں واپڈا کی ناروا ،خود ساختہ لوڈ شیڈنگ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،سید افضل شاہ

ہفتہ 16 مارچ 2024 22:29

ژوب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2024ء) نوجوانان ایکشن کمیٹی ژوب کے جنرل سیکرٹری سید افضل شاہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے اس بابرکت مہینے میں واپڈا کی ناروا اور خود ساختہ لوڈ شیڈنگ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ژوب شہر میں مختلف محلوں کی بجلی ہر دوسرے روز 24 گھنٹے کیلئے بند کی جاتی ہے۔

اور 24 گھنٹوں کی بندش کے بعد 5 گھنٹے بجلی مہیا کی جاتی ہے۔بلوں کی ادائیگی کے باوجود واپڈا کے نااہل زمہ واران کی ہٹ دھرمی برقرار ہے۔کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔دوسری جانب شہر میں خود ساختہ مہنگائی کا راج ہے۔شہر میں انتظامیہ کی رٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔رمضان آتے ہی اشیاء خوردونوش کی قیمتیں 200 گنا بڑھ گئی ہے۔غریب عوام اس نااہل انتظامیہ زمہ واران کے ہاتھوں رل گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پرائس کنٹرول کمیٹی کا نام ونشان تک نہیں ہے۔غریب عوام کس کو اپنی دھائی سنائیں۔مہنگائی کی چکی میں پیسی ہوئی عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔نوجوانان ایکشن کمیٹی ژوب کے جنرل سیکریٹری سید افضل شاہ نے مذید کہاکہ کمشنرژوب ڈویژن،ڈی سی ژوب اور اے سی ژوب واپڈا کی ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف اور خود ساختہ مہنگائی بنانے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کریں۔اور زمہ واران کو قانون کے کٹہرے میں لائیں۔بصورت دیگر سخت احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

ژوب میں شائع ہونے والی مزید خبریں