پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بناکر دہشت گردی، فرقہ واریت اور تعصبات کا خاتمہ کیا جائے گا،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری

منگل 25 دسمبر 2018 18:25

پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بناکر دہشت گردی، فرقہ واریت اور تعصبات کا خاتمہ کیا جائے گا،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری
زیارت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2018ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے زیریں اصولوں و افکار کے مطابق پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بناکر دہشت گردی، فرقہ واریت اور تعصبات کا خاتمہ کیا جائے گا، زیارت میں صنوبر کے قیمتی جنگلات کے تحفظ اور سیاحت کو فروغ دینا وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو زیارت ریزیڈنسی میں فرنٹیئر کور بلوچستان کے زیر اہتمام بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، کور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان میجر جنرل فیاض حسین شاہ، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، صوبائی وزراء حاجی نور محمد دومڑ، میر سلیم کھوسہ، انجینئر زمرک خان اچکزئی، میر ضیاء لانگو، اراکینِ قومی اسمبلی، سینیٹرز، قبائلی معتبرین اور اعلیٰ سول وعسکری حکام بھی موجود تھے، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ 25 دسمبر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح جیسے عظیم شخصیت کی پیدائش کا دن ہے جن کے بلند حوصلے، جذبے اور اصولوں کی وجہ سے آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں جنہوں نے بیماری کے باوجود انتھک محنت کر کے پاکستان کے قیام کو ممکن بنایا، انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے زیارت جیسے تاریخی شہر میں اپنی زندگی کے آخری ایام گزار کر ثابت کر دیا کہ پورا پاکستان ایک جیسا اہمیت کا حامل ہے چونکہ زیارت میں صنوبر کے جنگلات دنیا کا دوسرا بڑا ذخیرہ ہے اس لیے زیارت بلوچستان و پاکستان کا اثاثہ ہے اور وفاقی حکومت سیاحت کے فروغ اور قیمتی جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ زیارت کے قدرتی حسن و خوبصورتی کو مزید بہتر بنا کر سیاحوں کو مزید سہولیات فراہم کی جاسکے، قاسم خان سوری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم سب کو ملکر وطن عزیز سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ اور اقتصادی حالات بہتر بنا کر قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں کے مطابق پاکستان میں امیر و غریب کے درمیان فرق کو ختم کر کے دو نہیں ایک پاکستان بنانا ہے جس میں کرپشن، جہالت، لسانیت و تعصبات کی بجائے محبت واخوت اور بھائی چارے و یکجہتی کی فضا قائم ہوں, ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے ہندوؤں اور انگریزوں کی سخت مخالف کے باوجود شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے خوابوں کو عملی جامہ پہناتے ہوئے مملکت خداد داد پاکستان کے قیام کو ممکن بنایا اس لئے اب ہمیں دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہو پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے کے لئے دہشت گردی اور فرقہ واریت کے ناسور کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

زیارت میں شائع ہونے والی مزید خبریں