اسپاٹ فکسنگ کیس ، خالد لطیف نے اینٹی کرپشن ٹریبیونل کے سامنے پیش ہو کر الزامات کا جواب جمع کروا دیا ، تمام الزامات مسترد

شرجیل خان کی طرف سے اپنے خلاف الزامات کا جواب جمع کروانے کیلئے مہلت کی استدعا منظور ، دس مئی کو جواب جمع کروائیں گے خالد لطیف نے پی سی بی کے ساتھ ڈیل سے انکار کیا جس پر انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے ،ہمارا کیس مضبوط ، بھاگیں گے نہیں‘ وکیل کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 5 مئی 2017 22:53

اسپاٹ فکسنگ کیس ، خالد لطیف نے اینٹی کرپشن ٹریبیونل کے سامنے پیش ہو کر الزامات کا جواب جمع کروا دیا ، تمام الزامات مسترد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2017ء) پاکستان سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں معطل کرکٹر خالد لطیف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن ٹریبیونل کے سامنے پیش ہو کر الزامات کا جواب جمع کروا دیا جبکہ شرجیل خان کو جواب جمع کرانے کے لئے 10مئی تک مزید مہلت مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈکے اینٹی کرپشن ٹربیونل نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سماعت کی۔

چیئرمین جسٹس (ر) اصغر حیدر، ممبران لیفٹیننٹ جنرل ( ر) توقیر ضیاء اور وسیم باری کے روبرو پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل (ر) اعظم ،پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی اور جی ایم لیگ سلمان نصیر، کرکٹر خالد لطیف اور ان کے وکیل بدر عالم پیش ہوئے ۔خالد لطیف نے اپنے وکیل کے ذریعے پی سی بی کی طرف سے لگائے گئے سپاٹ فکسنگ کے الزامات کا جواب جمع کروایا جس میں انہوں نے تمام الزامات مسترد کردیئے۔

(جاری ہے)

خالد لطیف کے جواب کی ایک کاپی پی سی بی کے نمائندوں کو دی گئی اور پی سی بی ضرورت پڑنے پرخالد لطیف کے جواب کے بارے میں اپنا موقف 10مئی کو ٹربیونل کے روبرو پیش کرے گا۔شرجیل خان بھی اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے اور اپنے خلاف الزامات کا جواب جمع کروانے کیلئے مہلت مانگی جس پر ٹربیونل نے شرجیل کو جواب جمع کرانے کے لئے دس مئی تک مزید مہلت دے دی۔

پی سی بی جواب در جواب 13مئی کو جمع کرائے گا۔ شرجیل خان کے وکیل کاکہناتھاکہ غیر ملکی کرکٹر بطور گواہ پیش ہوسکتے ہیں۔ پیشی کے بعد خالد لطیف کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب کرکٹر نے پی ایس ایل میں کوئی میچ کھیلا ہی نہیں ہے تو پھر فکسنگ کہاں سے ہو گئی۔ ٹریبیونل محض دکھاوا ہے، چیئرمین پی سی بی کو ٹریبیونل تشکیل دینے کا اختیار ہی نہیں ہے، بورڈ کے پاس کوئی گواہ اور ثبوت ہی نہیں، صرف خالد لطیف کی جانب سے رضاکارانہ طور پر دیا جانے والا وڈیو بیان ہے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ کرکٹر نے پی سی بی کے ساتھ ڈیل کرنے سے انکار کیا جس پر انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے لیکن ہمارا کیس مضبوط ہے، بھاگیں گے نہیں، ٹریبیونل اور عدالت میں ہر الزام کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کو طلب کیا گیا ہے، اسپاٹ فکسنگ میں غیرملکی کھلاڑی بھی ملوث ہیں جن کے نام 10 مئی کو شیڈول آئندہ سماعت میں سامنے لائیں گے۔
وقت اشاعت : 05/05/2017 - 22:53:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :