پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹس کے فائنل میں کبھی بھی رسائی حاصل نہیں کرسکی

تین مرتبہ پاکستان کی ٹیم سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہی ہے،پاک بھارت ٹیمیں چار جون کو ٹکرائیں گی

جمعرات 25 مئی 2017 22:25

پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹس کے فائنل میں کبھی بھی رسائی حاصل نہیں کرسکی
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹس کے فائنل میں کبھی بھی رسائی حاصل نہیں کرسکی،آئی سی سی ناک آؤٹ ٹورنامنٹ کے نام سے 1998ء میں شروع ہونیوالے مقابلوں کے اب تک سات ٹورنامنٹ ہو چکے ہیں جن میں صرف تین مرتبہ پاکستان کی ٹیم سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہی ہے،قومی ٹیم کا آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے میچوں میں ریکارڈ انتہائی مایوس کن رہا ہے اور یہ بین الاقوامی کرکٹ کے واحد مقابلے ہیں جن میں پاکستان کی ٹیم فائنل تک پہنچنے میں بھی کبھی کامیاب نہیں ہو سکی ہے،آئی سی سی ناک آؤٹ ٹورنامنٹ کو 2002ء میں چیمپیئنز ٹرافی کا نام دیدیا گیا اور اب اس میں دنیائے کرکٹ کی آٹھ بہترین ٹیم حصہ لیتی ہیں،کرکٹ کھیلنے والے آٹھ بڑے ملکوں کی ٹیمیںیکم جون سے انگلینڈ اینڈ ویلز میں کھیلنے جانیوالے چیمپیئنز ٹرافی 2017ء کے مقابلوں میں پنجہ آزمائی کریں گی،پاکستان کی ٹیم اپنا پہلا میچ روایتی حریف اور دفاعی چیمپیئن انڈیا سے 4جون کو برمنگھم کے ایجبیسٹن کے میدان پر کھیلے گی،اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ٹیم نے اب تک کل اٹھارہ میچ کھیلے ہیں جن میں سے یہ صرف سات میچ جیتنے میں کامیاب ہو سکی اور گیارہ مرتبہ اس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا،دوسری طرف پاکستان کے روایتی حریف انڈیا کا ریکارڈ اس ٹورنامنٹ میںحصہ لینے والی ٹیموں سے بہتر ہے،انڈیا کی ٹیم دو مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی جیت چکی ہے، انڈیا نے اب تک اس ٹورنامنٹ میں کل 23 میچ کھیلے ہیں جن میں پندرہ میچوں میں وہ کامیاب، چھ میں ناکام جبکہ دو میچ بلا نتیجہ ختم ہو گئے، یوں انڈیا کی جیت کی شرح 71 فیصد سے ذرا زیادہ ہے،اعداد و شمار کے مطابق اس ٹورنامنٹ کی دوسری سب سے کامیاب ٹیم آسٹریلیا ہے جس کی جیت کی شرح اس ٹورنامنٹ میں 63 فیصد ہے، پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کرکٹ کھیلنے والے دنیا کے باقی سات بڑِے ملکوں کی جیت کی شرح اس ٹورنامنٹ میں پچاس فیصد سے زیادہ جبکہ پاکستان کی کامیابی کی شرح 39 فیصد سے بھی کم ہے،اس مرتبہ بھی ٹورنامنٹ کھیلنے والی آٹھ ٹیموں کی درجہ بندی میں پاکستان آخری نمبر پر اور آسٹریلیا پہلے نمبر پر ہے،آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2017ء میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم شامل ہونے میں ناکام رہی ہے،اس کے باوجود ویسٹ انڈیز 2004ء میں یہ ٹرافی جیت چکی ہے ۔

وقت اشاعت : 25/05/2017 - 22:25:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :