پی سی بی کے اعلیٰ حکام بھارتی کرکٹ بورڈ کیساتھ دو طرفہ سیریز کے حوالے سے مذاکرات کیلئے دبئی پہنچ گئے

سرحد پار سے دراندازی ختم ہونے تک دونوں ملکوں کے درمیان سیریز کے بارے میں نہیں سوچنا چاہیے ‘ بھارتی وزیر کھیل کی ہرزہ سرائی بھارت کیساتھ سیریز کھیلنے کے معاہدے پر قائم ،بھارت نے کھیلنے سے انکار کیا تو معاملہ آئی سی سی میں لیکر جائینگے،شہر یار خان/نجم سیٹھی

پیر 29 مئی 2017 16:05

پی سی بی کے اعلیٰ حکام بھارتی کرکٹ بورڈ کیساتھ دو طرفہ سیریز کے حوالے سے مذاکرات کیلئے دبئی پہنچ گئے
لاہور/نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ دو طرفہ سیریز کے حوالے سے مذاکرات کے لئے لاہور سے دبئی پہنچ گئے ۔جبکہ دوسری طرف بھارتی وزیر کھیل وجے گوئل نے موجودہ حالات میں پاک بھارت سیریز کے انعقاد کو ناممکن قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر ہرزہ سرائی کی ہے کہ سرحد پار سے دراندازی ختم ہونے تک دونوں ملکوں کے درمیان سیریز کے بارے میں نہیں سوچنا چاہیے ۔

لاہور ائیر پورٹ سے چیئرمین پی سی بی شہریار خان، ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سبحان احمد دبئی کے لئے روانہ ہوئے ۔روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے شہر یار خان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ سیریز کھیلنے کے معاہدے پر قائم ہیں اور باہمی سیریز کھیلنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مذاکرات کے لئے بھرپور تیار ی کیساتھ جارہے ہیں ۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ اگر بھارت نے سیریز کھیلنے سے انکار کیا تو معاملہ آئی سی سی میں لے کر جائیں گے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیر کھیل وجے گوئل نے پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز نہیں ہو سکتی۔وجے گوئل نے ایک بار پھر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پار سے دراندازی ختم ہونے تک دونوں ملکوں کے درمیان سیریز کے بارے میں نہیں سوچنا چاہیے تاہم دیگر ایونٹس میں دونوں ٹیموں کے مقابلوں کے بارے میں تاحال کچھ نہیں کہہ سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو سیریز کے لئے کوئی پروپوزل دینے سے قبل بی سی سی آئی کو حکومت سے اجازت لینا ہو گی۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاہدہ کے مطابق باہمی سیریز نہ کھیلنے پر بی سی سی آئی کو 60 ملین ڈالرز ہرجانہ ادا کرنے کے لئے قانونی نوٹس بھجوا رکھا ہے۔
وقت اشاعت : 29/05/2017 - 16:05:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :